• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آئی ایم ایف کا کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 50 ارب ڈالر امداد کا اعلان

کراچی (نیوز ڈیسک) عالمی مالیاتی ادارے آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کریسٹا لینا جارجیوا نے کورونا وائرس سے نمٹنے کیلئے 50 ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کا اعلان کردیا ہے۔ 

جارجیوا نے امریکی ٹی وی کو بتایا کہ یہ رقم کم آمدنی اور ابھرتی ہوئی معیشتوں کے حامل ممالک کیلئے فوری دستیاب ہوگی، اس امدادی رقم کا بیشتر حصہ سود سے پاک ہوگا جبکہ جو ممالک پہلے سے آئی ایم ایف پروگرام میں شریک نہیں ہیں وہ بھی یہ رقم حاصل کرسکتے ہیں۔

قبل ازیں فرانسیسی خبررساں ایجنسی کے مطابق جارجیوا کا کہنا تھا کہ کورونا کی وباء سے عالمی معیشت کو سنگین خطرہ ہے اور عالمی معیشت کی شرح نمو 2.9 فیصد سے بھی کم رہنے کا امکان ہے۔

امریکی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے جارجیوا کا کہنا تھا کہ ہم اس وقت ایک ایک ملک کرکے ان کی مالی ضروریات کا جائزہ لے رہے ہیں اور ان ممالک کیساتھ رابطے میں ہیں تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ انہیں ان ذرائع کے بارے میں معلوم ہو جو ہم انہیں فوری طور پر فراہم کرسکتے ہیں۔

ہم فی الوقت ابتدائی مرحلے میں رابطہ کررہے ہیں تاہم میں یہ یقین دہانی کرواسکتی ہوں کہ جیسے ہی کسی کی طرف سے کوئی درخواست موصول ہوگی ہم اس پر فوری طور پر عمل کریں گے۔

ان کے مطابق مذکورہ امدادی رقم پہلے تو ہیلتھ کیئر سسٹم کی بہتری کیلئے استعمال کی جائیگی جبکہ اس کے بعد مالی پروگرامز کی بہتری کیلئے استعمال کی جائیگی، آئی ایم ایف عالمی بینک کیساتھ مل کر کورونا سے متاثرہ ممالک کیلئے طبی آلات، میڈیکل ماسکس، عمل تنفس سے متعلق طبی سامان کی فراہمی کیلئے بھی کام کررہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ قبل اس کے کہ کورونا مزید خطرناک صورت اختیار کرے ہم سمجھتے ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ پیشگی حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

قبل ازیں ریاست واشنگٹن میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ اس وقت طلب میں بڑی حد تک کمی واقع ہوئی ہے جس کی ایک وجہ تجارت اور سیاحت میں کمی، اشیاء خوردونوش کی قیمتوں میں اضافہ اور پہلے سے موجود سنگین مالی حالات ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا کے مرکزی بینک نے منگل کے روز شرح سود میں کمی کا اعلان کیا تھا جبکہ اس کے بعد بدھ کو بینک آف کینیڈا نے بھی اسی طرح کا اعلان کیا ہے۔ 

تازہ ترین