اسلام آ باد (نمائندہ جنگ‘ایجنسیاں)وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ غیر منافع بخش اداروں اور غیر استعمال شدہ سرکاری املاک کی نجکاری قومی مفاد میں ہے۔
اس سے قومی خزانے پر پڑنے والے بوجھ میں کمی آئے گی اور سماجی شعبہ و دیگر عوامی فلاحی ترقیاتی منصوبوں کےلئے مالی وسائل میسر آئیں گے۔
وزیراعظم نےیہ بات مختلف سرکاری اداروں اور املاک کی نجکاری کے عمل میں پیش رفت کے حوالے سے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔
سیکرٹری نجکاری ڈویژن نے اجلاس کو بتایا کہ اس سال سات اداروں اور املاک کی نجکاری کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔ ان میں دو آر ایل این جی پاور پلانٹس، ایس ایم ای بنک ، سروسز انٹرنیشنل ہوٹل لاہور، جناح کنونشن سنٹر اسلام آباد اور 27 سرکاری اراضیوں کی نجکاری وغیرہ شامل ہے۔
وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ یہ سات ٹرانزیکشنز مئی اور جون کے مہینوں تک مکمل کر لی جائیں گی۔