بھارتی ریاست مغربی بنگال میں ایک شخص کو کتے کی تصویر والا ووٹر شناختی کارڈ جاری کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق، بھارت کی ریاست مغربی بنگال کے سنیل کرماکر نامی ایک شخص کے ووٹر کارڈ پر اُس کی تصویر کی جگہ کتے کی تصویر شائع کردی گئی جسے دیکھ کر سنیل کرماکر ناصرف حیران ہوا بلکہ اُس نے الیکشن کمیشن آف انڈیا (ای سی آئی)کی اِس نااہلی کے خلاف مقدمہ درج کروانے کا بھی فیصلہ کرلیا ہے۔
سنیل کرماکر نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ ’اُس کے ووٹر کارڈ میں کچھ غلطیاں تھیں جن کو درست کروانے کے لیے اُس نے درخواست دی تھی۔‘
بھارتی شخص نے بتایا کہ ’جب اُس کو اپنا تصیح شدہ کارڈ موصول ہوا تو اُس پر پہلے والی تمام غلطیاں درست ہو چکی تھیں تاہم کارڈ پر اُس کی تصویر کے بجائے کُتے کی تصویر لگی ہوئی تھی۔‘
سنیل کرماکر نے کہا کہ ’الیکشن کمیشن آف انڈیا نے یہ غلطی جان بوجھ کر کی ہے تاکہ مجھے لوگوں میں شرمندہ ہونا پڑے۔‘
اُس شخص نے کہا کہ جو بھی میرا یہ کارڈ دیکھ رہا ہے وہ میرا مذاق اُڑا رہا ہے۔‘
بھارتی شخص نے کہا کہ ’میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کے خلاف مقدمہ درج کرواؤں گا۔‘
دوسری جانب بلاک ڈیولپمنٹ آفیسر کا کہنا ہے کہ ’ہمیں پہلے ہی سنیل کے کارڈ پر غلط تصویر شائع ہونے کے بارے میں معلوم ہوگیا تھا اور ہم نے سنیل کا نیا کارڈ درست تصویر کے ساتھ بنانے کے لیے آگے درخواست بھی دے دی ہے۔‘
اُنہوں نے کہا کہ ’سنیل کو جو کارڈ دیا گیا ہے یہ کارڈ اُس کا نہیں ہے اور ہم غلطی کو درست کرلیں گے۔‘
اُنہوں نے مزید کہا کہ ’جہاں تک کتے کی تصویر کی بات ہے تو کسی نے آن لائن درخواست بھرتے وقت یہ تصویر جمع کروائی ہوگی۔‘