بھارتی فلم اسٹار سلمان خان کا کہنا ہے کہ جب کورونا وائرس ختم ہوجائے گا تب ہاتھ ملانا اور گلے لگانا۔
چین کے شہر ووہان سے نمودار ہونے والے کورونا وائرس نے دُنیا کے کئی ممالک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے اور اِس وائرس سے دُنیا بھر میں اب تک 3 ہزار 252 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ 95 ہزار سے زائد افراد اِس وائرس سے متاثر ہوئے ہیں۔
کورونا وائرس کے پھیلنے کے خدشے کے باعث حفاظتی اقدامات کے تحت مختلف ممالک کے حکام نے ہدایت کی ہے کہ ایک دوسرے سے ہاتھ ملانے اور مصافحہ کرنے سے احتیاط کریں۔
اِسی حوالے سے بالی ووڈ چُل بُل پانڈے سلمان خان نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنی ایک تصویر شیئر کی جس میں اداکار ہاتھ جوڑے کُچھ سوچ رہے ہیں۔
سلمان خان نے اپنی اِس تصویر کے کیپشن میں لکھا کہ ’نمشکار ہماری سبھیاتا میں نمستے اور سلام ہے۔‘
اداکار نے لکھا کہ ’جب کورونا وائرس ختم ہوجائے تب ہاتھ ملاؤ اور گلے لگاؤ۔‘
دوسری جانب سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ کورونا وائرس کے خوف سے دو لوگ آپس میں مصافحہ کرنے کے بجائے پاؤں ملانے کو ترجیح دے رہے ہیں۔