• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زلمی کی دھواں دھار بیٹنگ، گلیڈی ایٹرز کو جیت کیلئے 171 رنز کا ہدف

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے اہم میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو جیت کے لیے 171 رنز کا ہدف دے دیا۔

راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔

بارش سے متاثرہ اس میچ کو  15 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا تھا۔

پشاور زلمی کا  آغاز اچھا نہ تھا اور امام الحق صرف 7 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

دوسری جانب کامران اکمل نے اپنا روایتی کھیل جاری رکھا لیکن وہ بھی 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔

نوجوان حیدر علی اور تجربہ کار شعیب ملک کی جوڑی نے زلمی کو راحت بخشی اور 54 رنز کے پارٹنرشپ بنائی۔

حیدر علی 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے لیکن شعیب ملک کا بلا رنز اگلتا رہا اور انہوں نے 200 کے اسٹرائیک ریٹ کے ساتھ اپنی نصف سنچری اسکور کی، لیکن 54 کے مجموعے پر محمد حسنین کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔

لوئس گریگوری کے 2 اور حسن علی کے ایک چھکے کی بدولت مقررہ 15 اوورز میں پشاور زلمی کی ٹیم 170 رنز بنانے میں کامیاب ہوئی۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد حسنین نے 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

پشاور زلمی کی کپتانی وہاب ریاض کر رہے ہیں، ڈیرن سیمی آج بھی میچ کا حصہ نہیں ہیں۔

رواں سیزن کے دوران دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے پچھلے میچ پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی تھی۔

پوائنٹس ٹیبل پر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 6 میچز میں صرف 3 پوائنٹس حاصل کرکے چوتھی پوزیشن پر ہے جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم کا 5 پوائنٹس کے ساتھ پانچواں نمبر ہے۔

یاد رہے کہ میچ سے کچھ دیر قبل پشاور زلمی کے ڈائریکٹر کرکٹ محمد اکرم نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ سیمی اب کپتان نہیں ہیں، انہیں ٹیم کا ہیڈ کوچ بنادیا گیا ہے۔

تازہ ترین