• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معروف امریکی کامیڈین جریمی میکلن نے وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر بھیجی جانے والی شکایات سے مزاحیہ انداز میں پردہ اٹھا دیا۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر جریمی نے  وزیر اعظم عمران خان کے پاکستان سٹیزن پورٹل پر عوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد پر مبنی ایک ٹوئٹ کو شیئر کرتے ہوئے اپنا مزاحیہ تبصرہ پیش کیا۔

یہ بھی پڑھیے: پاکستان سیٹیزن پورٹل 7 بہترین ایپلیکیشنز میں داخل

عمران خان نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ ’پی ایم حاضر ہے‘ کا استعمال کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان سیٹیزن پورٹل کی ایپلیکیشن پر درج شدہ ممبران کی تعداد پندرہ لاکھ سے تجاوز کر گئی اور ٹیم نے یہ کامیابی محض 15 ماہ کے مختصر عرصے میں حاصل کی۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ یہ اقدام انہوں نے شہریوں کو با اختیار بنانے کے ساتھ ساتھ شہریوں اورسرکاری محکموں کے درمیان حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لیے اُٹھایا ۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس مختصر عرصے میں عوام کی 92 فیصد شکایتوں کو دور کیا جس پر وہ اپنی ٹیم کے بے مثال کام کو سراہتے ہیں۔

عمران خان کے اس ٹوئٹ کا مزاح سے بھرپور جواب دیتے ہوئے جریمی نے لکھا کہ آخری بار جب میں وزیر اعظم کے دفتر گیا تو میں نے وہاں دیکھا کہ سیٹیزن پورٹل کام کیسے کرتا ہے تو میں نے اسے انتہائی عمدہ پایا۔

انہوں نے ایک شکایت کا حوالہ دیا کہ جب وہ وہاں موجود تھے تو انہیں وہاں پتہ چلا کہ راولپنڈی کا ایک شخص ہے جو شکایت ارسال کرتا ہے کہ ’اس کی شادی نہیں ہوئی۔‘

جریمی کے اس ٹوئٹ کے جواب میں سوشل میڈیا صارفین  کی بڑی تعداد اپنا ردعمل بھی دے رہی ہے۔

ساجد نامی ایک صارف نے وزیر ریلوے شیخ رشید کا حوالہ دیتے ہوئے جریمی سے پوچھا کہ پنڈی سے تعلق رکھنے والے اس شخص کا مسئلہ حل ہوا یا اب تک زیر غور ہے؟

واضح رہے کہ جریمی میکلن متعدد بار پاکستان کا دورہ کرچکے ہیں۔ اپنے دورے کے دوران جریمی نے  راولپنڈی سمیت پاکستان کے مختلف شہروں کی سیر کی تھی۔

دورہٗ پاکستان کے حوالے سے انہوں نے انتہائی خوشگوار پیغام پوری دنیا میں پہنچایا اور خود کو پنڈی بوائز کا سفیر بھی نامزد کیا۔

تازہ ترین