• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایڈنبرگ، اسکاٹ لینڈ کا دارالحکومت ہے، جس کا رقبہ 264کلومیٹر ہے جبکہ مجموعی آبادی 4لاکھ89 ہزار سے زائد ہے۔ ایڈنبرگ نہ صرف اسکاٹ لینڈ کی پہچان مانا جاتا ہے بلکہ اسےملک کا دوسرا بڑا شہر ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ یہاں صدیوں پرانی اور تاریخ سا ز عمارتوں کے علاوہ دیگر امتیازی نشانات اور تعمیراتی ڈھانچے سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ہر سال سینکڑوں سیاح یہاں کا رُخ کرتے ہیں۔ آج کا مضمون ایڈنبرگ کی مشہور اور تاریخی عمارات کے حوالے سے خاص معلومات سمیٹے ہوئے ہے ۔

ایڈنبرگ قلعہ

وہ افراد جو اسکاٹ لینڈ کا خوبصورت شہر ایڈنبرگ دیکھنے میں دلچسپی رکھتے ہیں، ان کے لیے لازمی ہے کہ وہ ایڈنبرگ قلعہ کا دورہ کریں۔ ایڈنبرگ قلعہ دراصل آتش فشاں ڈھلوان پر 35ہزار737اسکوائر میٹر کے رقبے پر12ویں صدی کے آغاز میں تعمیر کیا گیا تھا۔ اسے اونچائی پر تعمیرکیے جانے کا مقصد دور سے ہی قلعہ کے خوبصورت نظارے کوسراہے جانا ہے۔

اس قلعہ کو 17ویں صدی تک شاہی خاندان کی رہائش کے لیے استعمال کیا جاتا رہا، تاہم اس کے بعد اسے فوجی بیرک بنادیا گیا۔ تاریخی اہمیت کے حامل اور ایڈنبرگ کی پہچان سمجھے جانے والے اس قلعہ میں 12ویں صدی سے لے کر 21ویں صدی تک کی عمارتیں موجود ہیں۔ حال ہی میں اس قلعہ کو برٹش ٹریول ایوارڈ کی جانب سے یونائیٹڈ کنگڈم کے متاثر کن ورثہ کے طور پر منتخب کیا گیا ہے۔

ہولی روڈ پیلس

ہولی روڈ پیلس، دراصل برطانوی بادشاہ کی سرکاری رہائش گاہ ہے۔ اس خوبصورت محل کی موجودہ عمارت 1671ء سے 1678ء کے درمیان تعمیر کی گئی تھی۔ یہ محل چاروں اطراف سے خوبصورت مناظراور باغات سے گھرا ہوا ہے۔ یہ ایڈنبرگ قلعہ کے متضاد رخ، رائل مائل اسٹریٹ کے آخرمیں تعمیر کیا گیا ہے۔ ہولی روڈ پیلس ایڈنبرگ آنے والے سیاحوں کی توجہ کا اہم مرکز ہے۔ ایک اندازے کے مطابق ہر سال تقریباً 8ہزار سے زائد سیاح ہولی روڈ پیلس کا رُخ کرتے ہیں۔ اگر آپ کسی بادشاہ کے محل میں وقت گزارنے کے خواہشمند ہیں تو ایڈنبرگ میں واقع ہولی روڈ پیلس کا دورہ کریں، یہ وہ جگہ ہے جہاں کئی بادشاہوں نے عیش وعشرت بھری زندگی کے ایام گزارے۔ ملکہ الزبیتھ دوم گرمیوں میں یہاں ایک ہفتہ گزارتی ہیں۔

بالمورل ہوٹل

بالمورل ہوٹل ایڈنبرگ کی 19ویں صدی کی ایک پرانی اور تاریخ ساز عمارت ہے، جسے درحقیقت نارتھ برٹش اسٹیشن ہوٹل کے طور پر تعمیر کیا گیا تھا۔ 1895ء میں تعمیر کی جانے والی یہ عمارت آج بھی ایڈنبرگ کی پرتعیش جائیداد اور سنگ میل کی حیثیت سے جانی جاتی ہے۔اسے ایڈنبرگ کی مشہورپرنسس اسٹریٹ کےکونے پر تعمیر کیا گیا ہے۔ اس عمارت کا ڈیزائن روایتی وکٹورین طرز کا ہے، جسے اسکاٹش آرکیٹیکچر ولیم ہیملٹن بیٹی نے ڈیزائن کیا تھا۔ ہوٹل کی عمارت168کمروں اور پُرتعیش ریستوران کے علاوہ اسپا بھی موجود ہے۔ دوسری عمارت کے ایکسٹیریئر میں 190فٹ اونچا کلاک ٹاور تین منٹ آگے کا وقت بتاتا ہے تاکہ ایڈنبرگ کے عوام کسی بھی وقت اپنی ٹرینوں سے محروم نہ رہ سکیں۔

اسکاٹش پارلیمنٹ بلڈنگ

اسکاٹش پارلیمنٹ بلڈنگ کا افتتاح 2004ء میں ملکہ الزبتھ دوم نے کیا تھا۔ عمارت کا تعمیراتی ڈیزائن اس شہر کے روایتی فن تعمیر ات سے بالکل منفرد اور خوبصورت ہے۔ ایڈنبرگ کے ہولی روڈ ایریا میںتعمیرشدہ اس عمارت کا ڈیزائن، ہسپانوی آرکیٹیکچراینر ک میریلز نے ڈیزائن کیا تھا۔ تعمیراتی کام 1999ء میں شروع ہوا اور پانچ سال میں اس کی تعمیر مکمل کی گئی۔ اس عمارت کو ناہموار چٹانوں اور پہاڑیوں کے درمیان ،خوبصورت شیشوں کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 

اس کی مخصوص تعمیراتی خصوصیات میںپتوں سے مشابہ تعمیراتی ڈیزائن ہے، ساتھ ہی سر سبز چھت اور پرانی عمارتوں سے نکالے گئے پتھروں سے تعمیر شدہ دیواریں خاص توجہ کی حامل ہیں۔ عمارت کی خوبصورتی کو منفرد بنانے کے لیے مختلف جگہوں پر ایک ہی قسم کے مواد کا استعمال کیا گیا ہے۔

تازہ ترین