وزیراعظم عمران خان کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ شاہد خاقان عباسی کا کراچی میں موجودہ سیاسی نظام فیل ہوجانے کا بیان اعتراف جرم ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں فردوس اعوان نے کہا کہ اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو سابق وزیراعظم نواز شریف کے علاج کے لئےلندن میں 3ماہ سےاسپتال نہیں مل سکا۔
انہوں نے کہا کہ بہتر ہوتا شہباز شریف اپنی جماعت کی دوسرے درجے کی قیادت کو لندن بلاتے جو اپنے قائد کے علاج کے لئے اسپتال کی تلاش میں مدد دیتے۔
اپوزیشن لیڈر کے بیان کا جواب دیتے ہوئے فردوس اعوان نے کہا کہ شہباز شریف کو چینی بحران پر بیان دینے سے پہلے ملک کی اشیاء ضروریہ پر خاندانی گرفت کو یاد رکھنا چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ شریف خاندان نے مرغی کی فیلڈ سے لے کر دالوں اور سبزیوں تک سب کچھ اپنے کنٹرول میں رکھا اور ان کی مرضی کے بغیر ان اشیاء کے مارکیٹ میں آنے پر پابندی تھی۔
فردوس اعوان نے مزید کہا کہ ن لیگ کے کراچی میں دیے گئے بیانات سے ایم کیو ایم کی قیادت نے اعلان لاتعلقی کردیا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ اقتدار چھوٹ جانے کے بعد ان میں نئے انتخابات کی خواہش تڑپ رہی ہے، دراصل ن لیگ کی قیادت اقتدار کے بغیر اُس مچھلی کی مانند ہے جو پانی کے بغیر تڑپتی ہے۔
وزیراعظم کی ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین خواتین کےحقوق کے تحفظ کی مکمل ضمانت دیتا ہے، خواتین کو بااختیار بنائے بغیر ریاست مدینہ کا تصور مکمل نہیں ہوسکتا۔