• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بدتمیزی مرد کرے یا عورت، غلط ہے، حنا خواجہ


معروف اداکارہ حنا خواجہ کا کہنا ہے کہ بدتمیزی مرد کرے یا عورت دونوں کے لیے ہی غلط ہے۔

گزشتہ روز پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی معروف اداکارہ حنا خواجہ نے تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر عور ت مارچ اور خلیل الرحمان قمر کے دو روز قبل ہونے والے مسئلے کے حوالے سے اپنا ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔


حنا خواجہ نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ’بدتمیزی مرد کرے یا عورت غلط ہے، بدزبانی مرد کرے یا عورت غلط ہے، کسی کی بے عزتی مرد کرے یا عورت غلط ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’اِسے مرد اور عورت کی جنگ نہ بنائیے، غلط، غلط ہے اور صحیح، صحیح ہے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اللّہ تعالیٰ نے مرد اور عورت کو ایک دوسرے کا ساتھی بنایا ہے، برابری سے حقوق دیے ہیں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’ساتھی برابری کا ہوتا ہے اونچ نیچ کا نہیں، مہربانی کرکے اِسے مرد اور عورت کی جنگ نہ بنائیے۔‘

حنا خواجہ نے اپنی اِس پوسٹ کے کیپشن میں لکھا کہ ’بُرا سلوک بااختیار نہیں ہوتا، ناقص آدابِ آزادی کو آزادی نہیں کہتے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’گستاخانہ زبان آپ کو قابلِ احترام نہیں بناتی بلکہ یہ صرف آپ کی اخلاقی پستی کو بےنقاب کرتی ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’مرد اور عورت کو ایک دوسرےکے کندھے سے کندھا ملا کر اور مل کر کام کرنے کے لیے تخلیق کیا گیا ہے۔‘

اداکارہ نے لکھا کہ ’آئیے ہم جنس کے مابین جنگ کو روکیں اور ایک دوسرے کی کمزوریوں کو قبول کرتے ہوئے ایک دوسرے کی طاقت بننے کی کوشش کریں۔‘

تازہ ترین