وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ بلاول بھٹو شاید کل عورت مارچ کی قیادت کریں گے، عورت کے موضوع پر بلاول بھٹو بہتر ترجمانی کر سکتے ہیں۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں بڑے پائے کے سینئر سیاستدان بیٹھے ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ کیاسینئر سیاستدانوں کے مقابلے میں بلاول سیلکٹڈ نظر نہیں آتے، بلاول بھٹو کے بیان کو سنجیدہ نہیں لیتا۔ پیپلز پارٹی جتنا مرضی زور لگا لے پنجاب میں اس کی دال نہیں گل سکتی۔
انہوں نے نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ میں سمجھتا ہوں نیب کو زیادہ سے زیادہ مضبوط ہونا چاہئے، نیب کے پاس بھی اچھے اور سینئر وکیل ہونے چاہئیں، ملزمان مہنگے مہنگے وکیل کر لیتے ہیں، حکومت میں کوئی تبدیلی نہیں آرہی۔
انہوں نے شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ میرے دوست شہباز شریف بھی نئے نئے ہیٹ پہن رہے ہیں ، پتہ نہیں شہباز شریف کہاں سے ایسے ہیٹ لیتے ہیں، شہباز شریف میرے دوست ہیں ان کا کہنا ہے میری بیماری میری مرضی ۔
شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم جلد آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنیوالوں کو بے نقاب کریں گے، شاہد خاقان جو چاہے کہیں، ایل این جی پر فیصلہ آنے والا ہے۔