• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشیراعلیٰ تعلیم کا چارسدہ میں کالجز کا اچانک دورہ

پشاور(نیوزڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے محکمہ اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے اچانک گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چارسدہ اور گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج چارسدہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے دونوں کالجز میں تدریسی اور انتظامی امور کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے کلاسز میں طلبا و طالبات اور سٹاف سے تدریسی عمل کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کالجز میں سائنس لیبز اور کمپیوٹر سائنس لیبز کا بھی معائنہ کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ مقامی ممبر صوبائی اسمبلی فضل شکور خان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر ہائیر ایجوکیشن پروفیسر ظہور الحق بھی ہمراہ تھے۔ گورنمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج چارسدہ کے پرنسپل اور ضلعی جائنٹ مینجمنٹ کونسل کے سربراہ پروفیسر رضا شاہ نے مشیر اعلیٰ تعلیم کو کالج کے تدریسی، انتظامی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ مشیر اعلیٰ تعلیم میاں خلیق الرحمن نے اس موقع پر بی ایس چارسالہ ڈگری پروگرام کے طلبا و طالبات سے فرداًفرداً سوالات پوچھیں اور ان سے کالج کے نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
تازہ ترین