• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پارلیمنٹ ڈائری: مراد سعید کی اپوزیشن کی قیادت کیخلاف زہر آلود تقریر

اسلام آباد (محمد صالح ظافر خصوصی تجزیہ نگار) پارلیمنٹ کا ماحول اس وقت تباہ ہوگیا جب مسند نشین ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری نے وفاقی وزیر مراد سعید کو نظر بظاہر ایک استفسار کا جواب دینے کے لئے مائیک دیا جنہوں نے سوال کو نظرانداز کرتے ہوئے حزب اختلاف کی قیادت کے خلاف زہر آلود تقریر کر ڈالی ۔

وہ بولتے جا رہے تھے حزب اختلاف کے ارکان چیخ چیخ کر مسند نشین ڈپٹی اسپیکر سے مطالبہ کرتے رہے کہ کارروائی کو ایجنڈے کے مطابق چلایا جائے۔ 

حزب اختلاف کے ارکان نے اسپیکر ڈائس کے سامنے کھڑے ہو کر مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر کو روکا جائے وہ سُنی اَن سُنی کرتے رہے، دُوسری جانب وفاقی وزراء اپنے رفیق کار کی حوصلہ افزائی کرتے رہے کہ وہ اپنی شعلہ فشانی کو جاری رکھیں اس طرح وہ ماحول پیدا ہوگیا جو سرکاری بنچوں کو مطلوب تھا۔ 

ارکان کی نجی کارروائی کا دن تھا اور وہ چاہتے تھے کہ ان کے دائر کردہ مسوداتِ قانون اور سینیٹ کی طرف سے منظور شدہ مسودات کو ہاں ناں کے ذریعے منظور کرلیا جائے تا کہ عام انسانوں کی بھلائی کے عرق ریزی سے تیارکردہ قوانین منظوری کا مرحلہ طے کرسکیں۔ 

مراد سعید کی تقریر کے دوران حزب اختلاف کے بعض ارکان حلق کی پوری قوت سے چینی چور، آٹا چورکے نعرے لگاتے رہے اسی دوران کراچی سے قومی اسمبلی کے رکن عبدالقادر پٹیل بھی اپنی نشست پر پہنچ گئے۔ جنہوں نے گزشتہ اجلاس میں مراد سعید کو بوکھلا کر رکھ دیا تھا۔ 

انہیں دیکھتے ہی مراد سعید کی اُوپر کی سانس اُوپر اور نیچے کی نیچے رہ گئی تاہم وہ اپنے رفقاء کی حوصلہ افزائی سے اپنی بات کو جاری رکھے رہے بعض ارکان نے ڈپٹی اسپیکر سے تقاضا کیا کہ وہ عبدالقادر پٹیل کو تقریر کا موقع دیں جنہوں نے کھڑے ہو کر اپنا موقف پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔

تازہ ترین