اسلام آباد(ایجنسیاں) ایوان زیریں کے اجلاس میں ایک بار پھر چینی چوراور گندم چور کے نعرے ‘وفاقی وزیر مراد سعید کو فلور دینے پر اپوزیشن نے شدید احتجا ج کیا‘ مراد سعید کی تقریر کے دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی ہوئی ، اپوزیشن ارکان نے اسپیکر ڈائس کا گھیرائو کیا۔
مسلم لیگ(ن) کے رکن محسن شاہ نواز اور شیریں مزاری کے درمیان تلخ کلامی ہوئی جبکہ مراد سعید پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن)پر برس پڑے اور کہاکہ اپوزیشن لیڈر جو خود ضمانت پر ہے اگر ضامن بن کر نو دو گیارہ ہو جائے تو سوال تو بنتا ہے ،سارا ٹبر مفرور ہے‘شہباز شریف بتائیں کب واپس آئیں گے یا شاہی سواری کا انتظام کیا جائے ۔
پی پی نے لاڑکانہ میں کروڑوں کا بجٹ کتوں کے نام پر منظور کیا۔ منگل کو قومی اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کی صدارت میں ہوا‘ مراد سعید کو فلور دینے پر اپوزیشن نے احتجاج کیا۔
اپوزیشن اراکین نے کہا کہ نجی کارروائی کا دن ہے اس لئے ایجنڈے کو نمٹایا جائے‘مراد سعید نے کہا کہ ان کے دور میں مہنگائی 2.5فیصد تھی ہمارے دور میں 11.6فیصد پر مہنگائی آ گئی ہے۔
خزانے کی کنجی اس شخص کے ہاتھ میں دی تھی وہ آج مفرور ہے، وہ ان کامحسن خاندان ہو سکتا ہے، وہ اشتہاری ہے۔