وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے دارالحکومت کا فیصلہ نہیں ہوا ہے۔
جیو نیوز کے پروگرام کیپٹل ٹاک میں اظہار خیال کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہاکہ صوبائی دارالحکومت سے متعلق حتمی فیصلہ منتخب ہونے والی اسمبلی کرے گی ۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا تھاکہ جنوبی پنجاب کو صوبہ بنانے سے متعلق بل جلد قومی اسمبلی میں پیش کیا جائے گا ۔
انہوں نے مزید کہاکہ وزیراعظم کی زیر صدارت جنوبی پنجاب سے متعلق اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا ہے، جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ جنوبی پنجاب صوبے کے لیے انتظامی سیکریٹریٹ بہاولپور میں بنایا جائے گا۔
وزیر خارجہ نے صاف الفاظ میں کہا کہ آج پارلیمنٹ میں کسی جماعت کے پاس دوتہائی اکثریت نہیں ہے، توقع کرتے ہیں کہ جب یہ بل آئے گا تو پیپلزپارٹی اس کی حمایت کرے گی۔
انہوں نے ساتھ ہی یہ بھی کہاکہ مسلم لیگ ن کے شہباز شریف کی جانب سے جنوبی پنجاب صوبے کی بات کی گئی تھی، اسمبلی میں موجود ن لیگی ارکان سےبھی توقع کرتےہیں کہ وہ اپنی قیادت کو بل کی حمایت پرقائل کریں گے۔