• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نواز،شہباز واپس آئینگے، مریم بھی کنٹینر تیار کر رہی ہیں، جاوید لطیف

نواز،شہباز واپس آئینگے، مریم بھی کنٹینر تیار کر رہی ہیں، جاوید لطیف 


کراچی (ٹی وی رپورٹ) ن لیگ کے رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف واپس آئیں گے مریم نواز بھی اپنا کنٹینر تیار کررہی ہیں،ہم جنوبی پنجاب اور بہاولپور صوبے بننے کے حامی ہیں، پارٹی کے لوگ گھر کی بات گھر میں ہی کرتے ہیں، ن لیگ جمہوری جماعت ہے کوئی کمپنی نہیں کہ اختلاف رائے نہیں کیا جاسکے، جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والی مافیا سے توجہ ہٹانے کیلئے صوبے کا شوشا چھوڑا گیا ۔ وہ جیو کے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما فرخ حبیب اور پیپلز پارٹی کے رہنما نوابزادہ افتخار احمد خان بابربھی شریک تھے جبکہ وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے بھی گفتگو کی گئی۔وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ جنوبی پنجاب صوبے سے متعلق اعلان تحریک انصاف کا سیاسی فیصلہ ہے، بحیثیت پارٹی وائس چیئرمین جنوبی پنجاب صوبے کیلئے بل لانے کا اعلان کیا ،جنوبی پنجاب سے تمام جماعتوں کے ارکان اسمبلی اپنا کردار ادا کریں، ہزارہ صوبہ ہمارے منشور کا حصہ نہیں تھا، جنوبی پنجاب صوبہ کے دارالخلافہ کا فیصلہ وہاں کی منتخب اسمبلی کرے گی، افغانستان میں امن عمل آگے بڑھنا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے، کابل میں پاکستانی سفیر افغان صدر اشرف غنی کی تقریب حلف برداری میں موجود تھے۔فرخ حبیب نے کہا کہ پنجاب کی انتظامی بنیادوں پر تقسیم ناگزیر ہوچکی ہے، جنوبی پنجاب صوبے کا معاملہ قراردادوں سے آگے جانا چاہئے، بہاولپور صوبہ کے حامی ارکان اسمبلی کے موقف کا احترام کرتے ہیں، ہم سیاسی وفاداریاں تبدیل نہیں کررہے لوگ خود ن لیگ چھوڑ کر آرہے ہیں، نواز شریف کو باہر چار مہینے سے زائد ہوگئے اب انہیں واپس آنا چاہئے۔پیپلز پارٹی کے رہنما نوابزادہ افتخار احمد خان بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی دو سال بعد جنوبی پنجاب صوبہ سیکرٹریٹ کے بارے میں بھی کلیئر نہیں ہے، حکومت اور اتحادیوں میں بھی جنوبی پنجاب صوبے پر اتفاق نہیں ہے، عثمان بزدار سے ملنے والے ایم پی اے ایک سال پہلے بھی بنی گالہ کی یاترا کرچکے ہیں، ایسا ماحول نہیں کہ وفاق یا پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوجائے، عوامی دباؤ بڑھتا ہے تو نئے الیکشن کی طرف جایا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین