کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کوئٹہ کے ڈپٹی جنرل سیکرٹری محمد لقمان کاکڑ نے کہا ہے کہ سردار اختر مینگل نے گوادر سے متعلق عوام سے کیا وعدہ وفا کیا۔وہ عوام سے کئے اپنے تمام وعدوں کو پورا کرنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں ۔سردار اختر مینگل نے قلیل نشستوں کے باوجود قومی اسمبلی میں تاریخی کردار ادا کیا جسے مورخین تاریخ کے اوراق میں سنہرے حروف میں یاد رکھیں گے‘ گوادر سے متعلق نادرا ایکٹ ترمیمی بل کی منظوری عظیم کامیابی ہے اور یہ کامیابی سردار اختر مینگل کی دانشمندی اور سیاسی بصیرت کا نتیجہ ہے۔چھ نکات بلوچستان کے مسائل کا نچوڑ ہے‘اسی لئے انہوں نے اقتدار پر چھ اور نو نکاتی معاہدوں کو ترجیح دی ۔بی این پی ایک نظریاتی اور فکری جماعت ہے ۔نظریات پر ثابت قدم رہنے کی وجہ سے پارٹی نے سیکڑوں جانوں کے نذرانے دیئے۔جماعت پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے۔ ہم نے کارکنوں سے لیکر پارٹی سربراہ تک جیلوں کی صعوبتیں اور اذیتیں برداشت کیں مگر تشدد کا راستہ کبھی اختیار نہیں کیا ۔ہم سمجھتے ہیں کہ بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اور اسے حل کرنے کے لئے اعتماد کا باور کرانا لازمی ہے اعتماد کے فقدان کی وجہ سے بلوچستان کا مسئلہ آج تک حل نہ ہو سکا حکمرانوں نے ہمیشہ وعدے کئے مگر وفا نہیں کئے ۔