• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسکولوں کی چھٹیوں میں اضافہ، میٹرک امتحانات بھی ملتوی

وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت سندھ کابینہ کے  ہنگامی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ صوبے بھر کے تعلیمی ادارے 30 مئی تک موسم گرما کی تعطیلات کیلئے بند رہیں گےجبکہ  نویں اور دسویں جماعت کے 16 مارچ سے شروع ہونے والے امتحانات منسوخ کردیئے گئے ہیں، ان چھٹیوں کو موسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ گذشتہ 14 روز سے کوروناوائرس سے متعلق ٹاسک فورس کے اجلاسوں کی صدارت کررہے ہیں، کورونا وائرس ایک وباء کی شکل اختیار کر گیا ہے ، لہذاحکومت نے اس پر قابو پانے کے لئے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے ۔

کابینہ نے تفصیلی غور و خوص کے بعد 30 مئی 2020 ء تک اسکولوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا۔ اسے موسم گرما کی تعطیلات سمجھا جائے گا۔ یکم جون کو اسکول دوبارہ کھلیں گے۔

سندھ کابینہ نے شادیوں ، سماجی اور مذہبی اجتماعات سمیت ہر قسم کے اجتماع کی حوصلہ شکنی کرنے کی بھی تجویز پیش کی۔

اجلاس میں کابینہ کے اراکین نے ان قیدیوں کا معاملہ اٹھایا جو عدالتوں میں سماعت کے دوران اپنے رشتہ داروں سے ملتے ہیں اور پھر جیلوں میں واپس آجاتے ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ جیل کے قیدیوں اور ان کے خاندان کے اراکین کے لیے ایڈوائزری جاری کریں جو کہ سماعت کے دوران اور جیل میں ملنے آتے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ نے چیف سکریٹری کے ذریعے کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مذہبی اسکالرز اور اقلیتوں کے رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں اور اس بات پر تبادلہ خیال کریں کہ موجودہ صورت حال میں مذہبی اجتماع کی کس طرح حوصلہ شکنی کی جاسکتی ہے۔

سندھ کابینہ اجلاس میں تمام صوبائی وزراء ، مشیران ، چیف سیکرٹری ممتاز شاہ ، چیئرمین پی اینڈ ڈی محمد وسیم ، اسکول ایجوکیشن ، کالجز اور یونیورسٹی اینڈ بورڈز کے سیکرٹریز اور متعلقہ انتظامیہ نے شرکت کی۔

تازہ ترین