وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر نے کہا ہے کہ کھائے بغیر بھی لگایا جاسکتا ہے۔
اپنے حلقے این اے 54 میں جلسے سے خطاب میں اسد عمر نے کہا کہ ماضی میں کہا جاتا رہا ہے کہ کھاتا ہے تو لگاتا بھی ہے، میں کہتا ہوں کھائے بغیر لگایا جاسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ حلقے میں 4 نئے کالج بنا رہے ہیں، جن میں سے 2 لڑکیوں کے لیے ہوں گے، بچیوں کے تعلیمی ادارے بنانا نہایت ضروری ہے۔
وفاقی وزیر نے اسلام آباد کالج برائے خواتین کا سنگ بنیاد رکھنے کے موقع پر کہا کہ جی13 کے عوام کے لیے مزید ترقیاتی کام مستقبل میں کیے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں ترقیاتی کام کروانےکی بہت ضرورت ہے، اس سال این اے 54 میں ڈیڑھ ارب روپے کے ترقیاتی کام شروع ہو رہے ہیں۔
اسد عمر نے مزید کہا کہ زیادہ کام اسلام آباد میں ان علاقوں میں کریں گے جو ماضی میں محروم رہے، پانی کےمنصوبے انصاف کی بنیاد پر حلقے عوام کو دیں گے۔