• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فطرت سے لگاؤ رکھنے والے افراد اپنے گھر کو ہرا بھرا رکھنے کے لیے کچھ نہ کچھ اقدامات کرتے رہتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے وہ گھر کے اندرونی حصوں، بالکنی، چھت، عقبی حصے اور باغیچے میں پودے اور دیگر آرائشی سامان لگاکر انھیں خوبصورت بنانے کے جتن کرتے ہیں۔ بہت کم لوگ باغیچہ بنانے کے حوالے سے وسیع معلومات رکھتے ہیں جبکہ کچھ کو معمولی معلومات ہی ہوتی ہیں۔ 

تاہم بعض افراد ایسے بھی ہیں جو اپنے گھر میں باغیچہ بنانا چاہتے ہیں لیکن علم نہ ہونے کی وجہ سے اپنے اس شوق کی تکمیل نہیں کرپاتے۔ باغیچہ بنانے کی خواہش رکھنا تو بہت اچھی بات ہے لیکن یہ ایک مشکل کام ہے کیونکہ اکثر سمجھ ہی نہیں آتا کہ اس کا ڈیزائن کیسا بنایا جائے یا تعمیرکا آغاز کیسے کیا جائے۔ تاہم اگر آپ نے اپنے گھر کے بیرونی یا عقبی حصے میں باغیچہ بنانے کی ٹھان لی ہے تو آپ کو چند بنیادی باتوں پر عمل کرنا پڑے گا۔ ہم اپنے مضمون میں باغیچہ بنانے کے بنیادی عناصر کا ذکر کریں گے، جن کو جاننے کے بعد آپ اپنے زیر تعمیر یا موجودہ گھر میں بآسانی باغیچہ بنانے کے قابل ہوجائیں گے۔

باغیچے کا ڈیزائن

باغیچے کا ڈیزائن ا س کی مکمل تصویر پیش کرتا ہے، جس میں بڑے بڑے درخت، جھاڑیاں اور زمین پر پھیلے کھِلے ہوئے پھولوں اور پودوں کا احاطہ کیا جاتا ہے۔ باغیچے کے مختلف ڈیزائن موجود ہیں جبکہ آپ خود بھی اپنی منشا اور ذوق کے مطابق کچھ تبدیلیاں کرسکتے ہیں۔ آپ کا منتخب کردہ ڈیزائن قدرتی پیٹرنز بناتا ہے۔ آپ کے باغیچے کی شکل عموماً افقی ہوتی ہے، تاہم آپ اسے عمودی، گول اور اہرام کی شکل کا بھی بنواسکتے ہیں۔ اس کا انحصار آپ کے مزاج اور باغیچے کے لیے دستیاب جگہ پر ہے۔

بناوٹ

باغیچہ کا ڈیزائن مرتب کرنے کے بعد اس کی بناوٹ (Texture) پر دھیان دیا جاتا ہے، جس سے اس کی وضع ظاہر ہوتی ہے۔ باغیچے کی بناوٹ پھول پودوں، پتھروں، اینٹوں اور فرش وغیرہ کے امتزاج کو ظاہر کرتی ہے۔ باغیچے کی بناوٹ تمام چیزوں میں ہم آہنگی پیدا کرتی ہے۔ اس ضمن میں آپ ان پودوں کو بھی شامل کرسکتے ہیں جو مختلف بناوٹ کے ہیں یعنی آپ بڑے پتوں والے پودوں کو چھوٹے پتوں والے پودوں کے ساتھ ملا کر ایک دلکش انداز دے سکتے ہیں۔ اس طرح آپ کا باغیچہ خوبصورت بھی لگے گا۔

سامان کا حجم

باغیچے کے سائز اور اس میں موجود تمام چیزوں کا حجم دیکھنا بھی ضروری ہے، اسے انگریزی میں اسکیل کہا جاتا ہے۔ باغیچے کے سائز کے مطابق پودوں اور آرائشی اشیا کا امتزاج بنانا پڑتا ہےتاکہ ایک ہم آہنگی قائم ہوسکے۔ باغیچے کی تعمیر کا آغازکرتے وقت ہی تمام چیزوں کے تناسب (proportions) کو ذہن میں رکھنا ہوگا۔ مثال کے طور پر چھوٹے سے باغیچے میں ایک بڑا سا فوارہ نصب کریں تو یہ عجیب اور غیرمتناسب محسوس ہوگا۔ 

اسی طرح پھولوںکے بڑے سے احاطے میںچھوٹا سا فوارہ بھی اچھا نظارہ پیش نہیں کرے گا۔ لہٰذا اگر آپ اپنے باغیچے کو ہر تناسب سے بہتر بنانا چاہتے ہیں تو ا س کی لمبائی اور چوڑائی کا تعین کرتے ہوئے سوچ بچار سے کام لینا ہوگا۔ اسی طرح پودوں کے سائز کو بھی مد نظررکھنا ہوگا۔ انہیں لگانے سے پہلے ان کی لمبائی کے بارے میں آپ کو لازمی علم ہونا چاہئے کہ وہ کتنی حد تک بڑھیں گے۔

قطاریں بنائیں

ایسا نہیں ہوتا کہ آپ باغیچے میں کہیں بھی پھول پودے لگا دیں۔ اس حوالے سے بھرپور منصوبہ بندی کرنی پڑتی ہے تاکہ ترتیب سے لگے پھول اور پودے حسین نظارہ پیش کریں۔ آپ کیاریاں بنائیں یا زمین کی سطح سے اُوپر لکڑی کے اندر مٹی میں (Raised Bed Gardening) پھول پودے لگائیں، یہ کسی بھی باغیچے کا فوکل پوائنٹ بن کر لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کروالیں گے۔ تسلسل سے لگے ایک جیسے پھولوں کی ٹکڑیاں آپ کے باغیچے کو چار چاند لگا دیتی ہیں۔ آپ پھول پودوں کی قطاروں کو سیدھا، گول، بیضوی، چاند، ستارہ یا کسی بھی شکل میں لگا سکتے ہیں۔

رنگوں کی اہمیت

گھر کے کسی بھی حصے کی دلکشی میں رنگ بہت اہم کردار ادا کرتے ہیں اوردیکھا جائے تو کسی بھی جگہ پر رنگوں کو دیکھ کر ہی آرائشی سامان کی سجاوٹ کی جاتی ہے۔ رنگ کسی بھی جگہ کو نیا پن دینے کے ساتھ ساتھ آپ کے موڈ پر بھی اچھا اثر ڈالتے ہیں۔یہی وجہ ہے کہ باغیچہ بناتے ہوئے اس بات کا لازمی دھیان رکھنا چاہیے کہ آپ کے باغیچے میں تمام رنگ کے پھول پودے موجود ہوں۔ بہتر تو یہ ہے کہ آپ ان تمام رنگوں کے پھولوں کو اپنے باغیچے کا حصہ بنائیں جو آپ کے گھر کی کلر اسکیم پر جچتے ہوں۔ 

سرخ، نارنگی اور زرد گرم رنگ کہلاتے ہیں، جو کہ جوش اور جنون کو اُبھارتے ہیں۔ آنکھوں کو لبھاتے ان رنگوں والے پودے باغیچے میں عمدہ اضافہ ثابت ہوتے ہیں۔ نیلا، عنابی اور ہرا ٹھنڈے رنگ ہیں جو مزاج میں بھی ٹھنڈ ک اور نرمی پیدا کرتے ہیں۔ گھر میں اس قسم کے پھول اور پودے ہوں تو باغیچے میں مراقبہ کرنے میں بہت لطف آتا ہے۔ ایک بات کا دھیان رکھیں کہ ارد گرد کی دیوارں پر اگر ہلکا رنگ ہوا ہے تو پودوں اور پھولوں کے لیے گہرے رنگوں کا انتخاب کریں، اس طرح باغیچے کی خوبصورتی مزید نمایاں ہوگی۔

تازہ ترین