ترجمان سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ تفتان سےسندھ میں آنے والے 50 افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے، کورونا کے25 مریض کراچی میں اور ایک حیدر آباد میں ہے جس کے بعدسندھ میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جبکہ ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 94 ہو گئی ہے۔
ترجمان سندھ حکومت بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ تفتان بارڈر کے ذریعے پاکستان پہنچنے والے زائرین میں سے پچاس کیس مثبت ہیں، کورونا کے25 مریض کراچی میں زیرِ علاج ہیں اور ایک حیدر آباد ہے جبکہ دو متاثرہ مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ سندھ میں کورونا وائرس کے مریضوں کی کل تعداد 76 ہوگئی ہے جبکہ سندھ میں 74 مریضوں کو آئیسولیشن میں رکھا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیے: عوامی اجتماعات پر پابندی کے باوجود لاہور میں سنڈے بازار لگ گیا
یہ بھی پڑھیے: کورونا وائرس کی مزید 19 میں تصدیق ، تعداد 52 ہوگئی
انہوں نے کہا کہ عوام سے احتیاط کی پر زور درخواست ہے، شہری غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ آپ کی حکومت کورونا وائرس کی وبا پر قابو پانے کی بھرپور کوشش کررہی ہے ہمیں خوف زدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔
یہ بھی پرھیے: سکھر میں کورونا کے 13 نئے کیسز کی تصدیق
یہ بھی پڑھیے: کورونا، سندھ کے بعد پنجاب میں بھی مزارات بند
مرتضیٰ وہاب نے جیو نیوز کے مارننگ پروگرام ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کے دوران کہا کہ کورونا وائرس کا ابھی تک کوئی علاج سامنے نہیں آیا، یہ ایک صوبے یا ایک شہر کا مسئلہ نہیں ہے سب کو مل کر کام کرنا چاہیے، ہم بار بار تفتان بارڈر پر اقدامات کا کہہ رہے تھے۔
واضح رہے کہ کراچی کے جناح اور سول اسپتال میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مفت کیا جا رہا ہے۔
اس حوالے سے محکمۂ صحت کے ترجمان کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں 10 طبی مراکز میں کورونا وائرس کے آئسولیشن وارڈ قائم ہیں۔
ترجمان محکمۂ صحت نے مزید بتایا ہے کہ کورونا وائرس کے آئیسو لیشن وارڈز کراچی میں آغا خان، انڈس ، سول، اوجھا، جناح اور لیاری جنرل اسپتال میں قائم ہیں۔
محکمۂ صحت کے ترجمان نے یہ بھی بتایا ہے کہ کراچی کے علاوہ چانڈکا میڈیکل اسپتال لاڑکانہ، لیاقت یونیورسٹی اسپتال حیدر آباد، گمبٹ انسٹیٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز خیر پور میں بھی کورونا کے آئسولیشن وارڈز قائم کیے گئے ہیں۔