پاکستان میں کورونا وائرس بیرون ملک سے آنے والے والوں تک محدود نہیں رہا، کراچی میں آج مزید 3 مریض سامنے آگئے جس کے بعد ملک میں مجموعی تعداد 31 ہوگئی ہے۔
آج سامنے آنے والے ایک مریض کے والد برطانیہ سے آئے تھے، خود اس مریض نے کسی ملک کا سفر نہیں کیا تھا۔
دوسرا مریض اسلام آباد سے کراچی آنے والا ہے، جس کی بھی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے جبکہ تیسرا شخص 6 مارچ کو سعودی عرب سے کراچی پہنچا تھا۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 2 روز پہلے امریکا سے آئی خاتون پمز اسپتال میں زیرِ علاج ہے، جنہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔
کمشنر کراچی نے کورونا وائرس ایمرجنسی کے تحت شہر میں ہر قسم کے اجتماعات اور تقریبات پر پابندی لگادی اور حکومت سندھ کی ہدایت پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت شادی کی تقریبات، ہر قسم کے جلوس اجلاس، جلسے، مجالس، عرس، برسی، تفریح گاہوں، کھیلوں کی سرگرمیاں اور سنیما پر مکمل پابندی ہوگی۔
تمام میرج ہالز، پکنک اسپاٹس، مارکیٹز، بینکوئٹس، پبلک پارکس، سی سائڈز، واٹر پارکس، لانز، پلے لینڈز، جمنازیم، سوشل کلبس اس حکم نامے پر عملدرآمد کے پابند ہوں گے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کسی بھی تقریب یا اجتماع کے لیے انتظامیہ یا کسی بھی ادارے کا جاری کردہ اجازت نامہ منسوخ سمجھا جائے گا۔