• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارا مطالبہ ہے عمران خان تلاشی دو، احسن اقبال

ہمارا مطالبہ عمران خان تلاشی دو، احسن اقبال


سابق وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم مطالبہ کرتے ہیں عمران خان تلاشی دو۔

پی ٹی آئی غیر ملکی فنڈنگ کیس کے حوالے سے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے باہر میڈیا سے گفتگو میں احسن اقبال نے کہا کہ آج قوم عمران خان کی منی ٹریل مانگ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ آپ تو شفافیت کے چیمپئن ہو، آؤ قوم کو منی ٹریل دو، دراصل دال میں کالا ہے،انہوں نے لوگوں کا پیسا اڑایا ہے۔

سابق وزیرداخلہ نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی والے چھپارہے ہیں کہ ان کے پیچھے کون کونسی لابیز ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت کے ہاتھوں ملک کا وہ نقصان ہوا جو بدترین دشمن بھی نہیں کرسکتا تھا، نئے پاکستان کا خواب بیچ کر سمندر پار پاکستانیوں کی خون پسینےکی کمائی لی گئی۔

احسن اقبال نے یہ بھی کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں نے جو پیسا عمران خان کے بہکاوے میں آکر دیاتھا انہیں بتایا جائے کہ وہ پیسا کہاں گیا؟

انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ بینک نے تصدیق کی ہے کہ 26 اکاؤنٹس میں پیسا آتا تھا، جو ذاتی جیب میں جاتا تھا، الیکشن کمیشن سے یہ اکاؤنٹس چھپائے گئے۔

احسن اقبال نے فوری طور پر معاملے کی شفاف تحقیقات کرنے اور حقائق قوم کے سامنے لانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اس حوالے سے چیف الیکشن کمشنر پر بہت بڑی ذمے داری عائد ہوتی ہے۔

تازہ ترین