مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے عوام کو واضح پیغام دیا ’ساڈے تے نہ رہنا‘ اور گھبرانا نہیں۔
وزیراعظم عمران خان کے قوم سے خطاب پر ردِعمل دیتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان کا خطاب ثبوت ہے کہ انہیں کورونا وائرس کی شدت کا اندازہ ہی نہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے ہمیشہ کی طرح قوم سے جھوٹ، جھوٹ اور صرف جھوٹ بولا، ان کا پیغام تھا کہ گھبرانا نہیں ہے کیونکہ حکومت کی کوئی تیاری نہیں۔
ن لیگی ترجمان نے مزید کہا کہ عمران صاحب آپ نے وزیرِ اعلیٰ سندھ کا نام تک لینا گوارا نہ کیا، مراد علی شاہ نے محنت کر کے سب سے پہلے کرونا وائرس کا مقابلہ کیا۔
انہوں نے استفسار کیا کہ عمران خان قوم کے لیے حفاظتی اقدامات کے بارے میں نہیں بتایا؟ عمران خان کورونا سے نمٹنے کے لیے کتنا فنڈ مختص کیا، حکومت کی کیا تیاری ہے؟
مریم اورنگزیب نے یہ بھی کہا کہ عمران خان آپ کے خطاب نے ثابت کر دیا کہ کورونا سے مقابلے کے لیے آپ کے پاس واقعی کوئی اہلیت اور صلاحیت نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان قوم کو بتاتے کہ جہانگیر ترین، خسرو بختیار نے جو ذخیرہ اندوزی کی ان کے خلاف آپ نے کیا ایکشن لیا؟ کیوں آپ مسلسل جھوٹ بولتے ہیں۔
ن لیگی ترجمان نے کہا کہ عمران خان نے 18 ماہ سے عوام کو صرف ’گھبرانا نہیں، گھبرانا نہیں‘ کا درس دیکر کاروبار، روٹی، روزگار، آٹا، چینی چھین لی جبکہ عوام کی جانوں سے کھیلا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج پورے پاکستان کو حکومت کی نااہلی، نالائقی اور بے حسی دیکھ کر شہباز شریف یاد آرہے ہیں، اپوزیشن لیڈر قوم کو ’گھبرانا نہیں‘ کا لیکچر دینے کے بجائے ان کی حفاظت کے لیے عملی اقدامات کے لیے میدان میں ہوتے۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ کسی اسپتال میں ٹیسٹنگ کی کوئی سہولت دستیاب نہیں، مریض بھی دہائیاں دے رہے ہیں۔