نئی دلی ( آن لائن ) جماعت اسلامی ہند نے’بھارت ماتا کی جے‘سے متعلق دارالعلوم دیوبند کی طرف سے جاری فتویٰ کی تائید کرتے ہوئے کہا ہے کہ کہ یہ نعرہ ہر لحاظ سے مشرکانہ ہے اور کوئی بھی مسلمان اس طرح کا نعرہ لگانے کے بارے میں سوچ بھی نہیں سکتا۔ جماعت اسلامی کے امیر مولانا سید جلال الدین عمری نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ دارالعلوم دیوبند کی طرف سے جاری کردہ فتویٰ کی تائید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس نعرے کا ہندوستان کے آئین میں کہیں ذکر نہیں ہے اور کسی بھی نعرے پر اسی وقت اصرار کیا جاسکتا ہے جب اس کا ذکر آئین میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہر لحاظ سے مشرکانہ نعرہ ہے۔ مولانا سید جلال الدین عمر ی نے کہا کہ کچھ لوگ بھارت کو کو نیشنل ازم کے نام پر فاشز م کی طرف لے جانے کی کوشش کررہے ہیں اور فرقہ پرست اور فسطائی طاقتیں وطن پرستی کی بحث اسلئے چھیڑ رہی ہیں تاکہ ملک میں فرقہ پرستی کو فروغ ملے اور قومی اتحاد کو ٹھیس پہنچے۔یا رہے کہ دارالعلوم دیوبند نے ’بھارت ماتا کی جے ‘کے حوالے سے اپنے ایک فتوے میں کہا ہے کہ ہندوئوں کے عقیدے کے مطابق دراصل ماتا ایک دیوی ہے جس کی وہ پوجا کرتے ہیں جبکہ مسلمانوں کے نزدیک یہ عقیدہ بلاشبہ شرکیہ ہے لہذا ان کے نزدیک ایسا نعرہ لگانا جائز نہیں ہے۔