وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ میری طبیعت بالکل ٹھیک ہے، کورونا وائرس عالمی وبا ہے، جس سے دنیا کے 173 ممالک متاثر ہوئے ہیں۔
’جیو نیوز‘ کے مارننگ شو ’جیو پاکستان‘ میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس کو لوگ سنجیدہ نہیں لے رہے۔
شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پاکستان میں لوگ اپنے بچوں کو پارکس میں گھمانے اور ریسٹورنٹس میں کھانا کھلانے لے کر جا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہاکہ لوگ اس عالمی وباء کورونا وائرس کے خلاف جب تک اپنی ذمے داری ادا نہیں کریں گے تو اس کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔
یہ بھی پڑھیئے: کورونا سے حفاظت، لاہور کی شاہراہوں پر کلورین اسپرے
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کا یہ بھی کہنا ہے کہ چین کورونا وائرس سے اس لیے لڑ سکا ہے کیونکہ اس کے عوام نے اس بیماری کے خلاف حکومت کا ساتھ دیا۔
واضح رہے کہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے ہمراہ حال ہی میں چین کا دورہ کر کے آئے ہیں جہاں سے آنے کے بعد وزیرِ خارجہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خود کو آئسولیٹ کرنے اور اپنا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کرانے کا کہا تھا۔
ادھر ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 447 تک پہنچ گئی ہے، سندھ میں کورونا وائرس کے 245 مریضوں، پنجاب میں 78، بلوچستان میں 81، خیبر پختون خوا میں 23، گلگت بلتستان میں 12 جبکہ آزا د کشمیر میں ایک مریض کی تصدیق ہوئی ہے۔