• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن


کراچی کے نجی اسپتال میں زیرِعلاج کورونا وائرس کا 77 سالہ مریض گزشتہ رات موت کا شکار ہوگیا ہے جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے، جبکہ پاکستان بھر میں اب تک اس وبائی مرض سے 3 اموات ہوچکی ہیں۔

محکمۂ صحت سندھ کے ذرائع کے مطابق کورونا سے متاثرہ شخص پہلے سے شوگر اور بلڈ پریشر کا بھی مریض تھا۔

نجی اسپتال کے ریکارڈ کے مطابق مریض کو تیز بخار اور شدید نزلہ زکام کے باعث اسپتال لے جایا گیا تھا تاہم ڈاکٹروں نے بعد ازاں مریض میں کورونا وائرس کی تصدیق کی تھی۔

کراچی کے نجی اسپتال میں اس مریض کی ہلاکت نصف شب کو ہوئی جس کے بعد میت کو رات ایک بجے پُراسرار انداز میں نارتھ ناظم آباد میں واقع سخی حسن قبرستان لے جایا گیا۔

مرنے والے کے 2 لواحقین کے علاوہ اسپتال کا عملہ بھی مخصوص لباس میں میت کے ساتھ گیا تھا جس نے میت کو سخی حسن قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا۔

سندھ کی وزیرِصحت عذرا فضل پیچوہو نے ایک ویڈیو بیان میں اس ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کورونا کے باعث انتقال کر جانے والے مذکورہ مریض کی عمر 77 سال تھی جس کا کراچی سے تعلق ہے۔

انہوں نے بتایا ہے کہ انتقال کر جانے والے شخص کینسر سمیت مختلف امراض کا شکار بھی تھے تاہم ان کی کوئی ٹریول ہسٹری نہیں ہے۔

وزیرِ صحت سندھ عذرا پیچوہو نے کہا کہ کورونا وائرس اب مقامی لوگوں میں پھیل رہا ہے، جبکہ پہلے یہ بیرونِ ملک سے آنے والے لوگوں کے ذریعے پھیلا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا سے حفاظت، لاہور کی شاہراہوں پر کلورین اسپرے

انہوں نے کہا کہ اب کورونا وائرس ہماری کمیونٹی میں آ چکا ہے اور لوگوں کو متاثر کر رہا ہے، ہمیں بہت زیادہ احتیاط کی ضرورت ہے، لوگ خود سے بہت زیادہ احتیاط کریں، گھروں میں رہیں۔

واضح رہے کہ سندھ میں 238 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جن میں سے 3 افراد صحت یاب ہو کر اسپتال سے چلے گئے، ایک انتقال کر گیا جبکہ صوبے کے اسپتالوں میں اب 234 افراد زیرِ علاج ہیں۔

پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 80 ہونے کے بعد ملک بھر میں اس وائرس سے متاثرہ افراد کی کل تعداد 451 تک پہنچ چکی ہے۔

بلوچستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 81، خیبر پختون خوا میں 23، گلگت بلتستان میں 21، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 7 اور آزاد کشمیر میں ایک ہو چکی ہے، جبکہ خیبر پختون خوا میں کورونا وائرس کے 2 مریض انتقال کر چکے ہیں۔

تازہ ترین