• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فخر عالم کی وزیر اعظم سے لاک ڈاؤن کرنے کی پُر زور درخواست


معروف اداکار، گلوکار و میزبان فخر عالم نے سوشل میڈیا پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان کو ملک بھر میں 2 ہفتے کے لیے لاک ڈاؤن کرنے کا مشورہ د ے دیا۔

گزشتہ روز معروف اداکار، گلوکار و میزبان فخر عالم نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنا ویڈیو پیغام جاری کیا۔

فخر عالم نے اپنے ویڈیو پیغام میں وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ ’عمران بھائی ہم سب جانتے ہیں کہ آپ کے دل میں پاکستانی عوام، انسانیت اور غریبوں کے لیے جو جگہ ہے اُس میں کوئی شک نہیں ہے، آپ ایک نیک انسان ہیں۔‘

فخر عالم نے کہا کہ ’میں جانتا ہوں کہ اِس وقت آپ کی لیڈر شپ کو ایک بڑے چیلنج کا سامنا ہے اور حکومت نے لوگوں کو گھر وں سے نہ نکلنے کا حکم دے دیا ہے جس کی وجہ سے روزانہ اُجرت کمانے والی غریب عوام کو نقصان ہو رہا ہے۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’حکومت نے آدھی پالیسی بنائی ہے کہ غریب طبقہ روزی کمانے کے لیے باہر نکل سکتا ہے لیکن باقی لوگ نہیں نکل سکتے ہیں۔‘ 

اُنہوں نے کہا کہ عمران خان صاحب میری آپ سے گزارش ہے کہ آدھی آدھی پالیسی رکھنے کے بجائے ایک پالیسی بنائیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’عمران خان صاحب ایک بار آپ نے شیلٹر ہومز بنائے تھے جو ایک بہترین اقدام تھا اِسی طرح ابھی آپ کو چاہیے کہ شہر کے مختلف مقامات پر جہاں غریب طبقہ زیادہ رہتا ہو وہاں راشن کے لیے ڈیپوز بنا دیں تاکہ حکومت کے نمائندے وہاں سے غریب طبقے کو راشن پہنچا سکیں اور اُس کے بعد آپ پورے ملک میں 2 ہفتے کے لیے مکمل طور پر کرفیو لگادیں اور پاکستان کو لاک ڈاؤن کردیں۔‘

فخر عالم نے کہا کہ ’یہ ایک بہت اچھا فیصلہ ہوگا، اِس سے کورونا وائرس کے پھیلنے پر قابو پایا جاسکے گا۔‘

گلوکار نے کہا کہ ’یاد رہے کہ عمران بھائی آپ اِس وقت جو بھی فیصلہ کریں گے وہ آخری ہوگا آپ کوئی بھی ایسا فیصلہ نہیں کر سکتے ہیں کہ جس کولینے کے بعد آپ کہیں کہ یہ اقدام ٹھیک نہیں ہے میں دوبارہ سے کوئی دوسرا اقدام اُٹھاتا ہوں۔‘

اُنہوں نے اپنے اِس ٹوئٹ کے کیپشن میں عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’جناب میں آپ سے عاجزانہ طور پر درخواست کر رہا ہوں کہ مہربانی کرکے ایک بار لاک ڈاؤن کردیں۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میرا یہ ویڈیو پیغام دو حصوں پر مشتمل ہے اِس میں شاید میں غلط بھی ہوسکتا ہوں اور میں جانتا ہوں کہ عمران خان صاحب آپ اِس وقت معاشی بدامنی کی وجہ سےبہت پریشان ہیں لیکن ہم اِس سے کہیں زیادہ خراب صورتحال میں ہیں۔‘

فخر عالم نے اپنے ویڈیو پیغام کے دوسرے حصے میں کہا کہ ’حکومت کو چاہیے اسکولوں کی فیس معاف کریں  اور یوٹیلیٹی بلز معاف کیے جائیں تاکہ جو لوگ دفاتر نہیں جا رہے ہیں اُن پر کسی قسم کا کوئی پریشرنہ ہوں۔‘


اُنہوں نے اپنے ویڈیو پیغام کے آخر میں کہا کہ ’ہم پاکستانی عوام اتنی آسانی سے نہیں مانتے ہیں اگر ہمیں چھٹیاں ملتی ہیں تو ہم گھروں میں رہنے کے بجائے پکنک پر نکل جاتے ہیں اِس لیے عمران خان صاحب میری آپ سے گزارش ہے کہ آپ ملک میں کرفیو لگا دیں تاکہ ہم جانی نقصان سے بچے سکیں۔‘

فخر عالم نے اپنے ویڈیو پیغام کے دوسرے حصے کو ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے عمران خان کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’عمران خان صاحب یہ میرے ویڈیو پیغام کا دوسرا حصہ ہے اور میں جانتا ہوں کہ آپ کو اپنی مدت میں مشکل ترین فیصلے کا سامنا کرنا پڑتا ہے لیکن آپ صرف اِس طرح ہی فیصلے لے سکتے ہیں۔‘

گلوکار نے اپنے ٹوئٹ میں ہیش ٹیگ کورونا وائرس پاکستان بھی استعمال کیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ نے شہریوں کو تین دن تک گھروں میں رہنے کی ہدایت کی تھی۔

مراد علی شاہ نے کہا تھا کہ شہریوں کا گھروں میں رہنا ان کے اور ہمارے لئے بہت ضروری ہے، اُنہوں نےکہا تھا کہ عوام آئندہ 3 دن تک مکمل آئسولیشن میں جائیں گے۔

تازہ ترین