• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بہاولپور میں ہیلتھ ایمرجنسی، فیصل آباد میں کورونا مریضوں کیلئے اسپتال مختص

بہاولپور میں بھی کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے ضلع بھر میں ہیلتھ ایمرجنسی نافذ کردی گئی ،فیصل آباد میں کورونا کے مشتبہ مریضوں کو مختلف اسپتالوں میں رکھنے کی بجائے ایک ہی اسپتال میں رکھنے کا فیصلہ کرتے ہوئے جنرل اسپتال کو عام مریضوں سے خالی کرواکر صرف کورونا وائرس سے متاثرہ افراد کے لئے مختص کر دیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق فیصل آباد میں اب تک کرونا کے تمام مشتبہ مریضو ں کے نمونے منفی ہی نکلے ہیں لیکن خدشات کے پیش نظر 250 بستروں کا ایک مکمل اسپتال آئیسولیشن سینٹر میں تبدیل کر دیا گیا ہے جہاں کورونا کے مریضوں کے علاج کے سلسلے میں ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف کو خصوصی تربیت دی گئی ہے ۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ یہاں پر ہم نے صرف کورونا کے مریضوں کو ہی ٹریٹ کرنا ہے ہم نے گیٹ سے لے کر اندر تک سارے عملے کو اس متعلق ٹرینڈ بھی کیا ہے ۔

اسپتال انتظامیہ کےمطابق یہاں تشخیص کے بعد کورونا کے تصدیق شدہ تمام مریضوں کے علاج کے انتظامات مکمل ہیں،ہمارے سپاہی یعنی ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل اسٹاف سمیت ہر چیز انٹر نیشنل لیول کی ہمارے پاس موجود ہے ۔

دوسری جانب فیصل آباد ضلعی انتطامیہ کی جانب سے کورونا جیسی جان لیوا بیماری کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے سرکاری سطح پر تمام ضروری اقدمات کا سلسلہ جاری ہے تاہم شہریوں کو بھی زیادہ تر گھروں میں رہنے ،ماسک کے استعمال اور ہاتھوں کو جراثیم سے پاک رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

تازہ ترین