• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے مقابلے کیلئے قوم حکومت کی ہدایت پر عمل کرے: سراج الحق

امیر ِجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ہمیں ایک قوم بن کر کورونا وائرس کا ڈٹ کر مقابلہ کرنا ہے، قوم حکومت کی ہر ہدایت پر مِن و عَن عمل کرے۔

لاہور میں سراج الحق نےمنصورہ اسپتال میں آئسولیشن سینٹر کا افتتاح کیا، اس موقع پر انہوں نےحکومت سے مطالبہ کیا کہ دیگر ممالک میں پھنسے پاکستانیوں کو وطن واپس لانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔

امیرِ جماعت اسلامی نے کہا کہ کورونا کا مردانہ وار مقابلہ کرنے پر چینی قیادت اور چینی عوام کو سلام پیش کرتا ہوں، لاک ڈاؤن کی حمایت کرتے ہیں، اس کے مخالف نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج شبِ معراج ہے، آئیے اللّٰہ تعالیٰ کے حضور گڑگڑا کر دعا مانگیں، ہمیں اپنے سیاسی اختلافات کو ایک فائل میں بند کرنا ہے۔

سراج الحق نے کہا کہ ہمیں اپنے بچوں کو گھروں میں رکھنا ہے، دانائی کا تقاضہ ہے کہ سانحے اور حادثے سے پہلے اقدامات کیے جائیں۔

یہ بھی پڑھیئے: وزیرِ اعظم کی شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ غریب اور مستحق لوگوں کو کم از کم 15 دن کا راشن فراہم کیا جائے، 25 ہزار سے کم آمدنی والے افراد کے بجلی اور گیس کے بلوں کو معاف کیا جانا چاہیے۔

امیرِ جماعت اسلامی نے مزید کہا کہ اس وقت ہمیں خود کو، اپنے گھروالوں کو اور دوسروں کو بچانا ہے، ہمیں ٹچ می ناٹ کے اصول پر عمل درآمد کرنا ہے۔

سینیٹر سراج الحق نے یہ بھی کہا کہ میری سیاسی قائدین سے بات ہوئی ہے کہ ہمیں مل کر اس آفت کا مقابلہ کرنا ہے۔

تازہ ترین