چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ کورونا وبا سے پیدا مشکل حالات میں بھی وزیراعظم عمران خان نے مایوسی پھیلائی۔
وزیراعظم سے قوم خطاب پر ردعمل میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ طالبان کے خلاف جنگ ہو یا کورونا وائرس سے لڑائی، عمران خان نے ہمیشہ قوم کو تقسیم کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر صورت عوام کی جانوں کا تحفظ کرنا ہے، وزیراعظم قوم میں مایوسی پھیلارہے ہیں۔
پی پی چیئرمین نے مزید کہا کہ 18ماہ میں لاکھوں لوگوں کو بیروزگار کرنے والے حاکم کو اب غریب یاد آئے ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ روزگار بچانے کے نام پر لوگوں کو موت کے منہ میں نہیں دھکیلا جا سکتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے استفسار کیا کہ بہانے بنانے کے بجائے وزیراعظم قومی وسائل غریبوں پر خرچ کیوں نہیں کرتے؟
انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا کہ اگر اب بھی قومی وسائل اور خزانہ عوام پر خرچ نہیں ہوگا تو کب ہوگا؟