راولپنڈی، اسلام آباد(سٹاف رپورٹر، خصوصی نامہ نگار) جڑواں شہروں میں پولیس اور قانون نافذ کرنیوالے اداروں کافلیگ مارچ ہوا۔ راولپنڈی پولیس اورسکیورٹی اداروں نے پیرکی شب شہر کی سڑکوں پرفلیگ مارچ کیا۔ مارچ میں راولپنڈی پولیس کے تمام یونٹس، سینئر افسران اور سیکورٹی اداروں نے شرکت کی۔ترجمان راولپنڈی پولیس کے مطابق فلیگ مارچ کا مقصد شہریوں میں کرونا وائرس سے بچاؤ کی خاطر لگائی گئی پابندیوں پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے آگاہی فراہم کرناہے۔مارچ میں اعلانات بھی کئے گئے جن میں کہاگیاکہ پولیس اور سیکورٹی ادارے شہریوں کے ساتھ کھڑے ہیں،شہری اپنے گھروں تک محدود رہیں، غیر ضروری آمدورفت اور نقل و حرکت سے اجتناب کریں، حکومت کی جانب سے لگائی گئی پابندیوں پر عملدرآمد آپ اور آپ کے پیاروں کی صحت اور زندگی کے لئے ضروری ہے،پابندیوں کی خلاف ورزی پر قانون حرکت میں آئیگا۔ ان پابندیوں پر عملدرآمد وسیع تر قومی مفاد میں ضروری ہے۔ دریں اثناءوفاقی پولیس، ضلعی انتظامیہ،پاک آرمی اور رینجرز نے پیر کو مشترکہ فلیگ مارچ کیا۔ مارچ سپورٹس کمپلیکس سے شروع ہوا اورہر زون کے ایس کی قیادت میں پورے ضلع سے گزرا، ایس پی انڈسٹریل ایریا زبیر شیخ کی قیادت میں فلیگ مارچ تھانہ سبزی منڈی اور تھانہ انڈسٹریل ایریا کےمختلف راستوں سے ہوتا ہوا واپس سپورٹس کمپلیکس ختم ہوگیا ایس پی رورل ملک نعیم کی قیادت میں پورے زون میں سرکاری گاڑیاں رنگ برنگ لائٹیں جلائے ایکسپریس وے سمیت دیگر شایراہوں پر گھومتے رہیں ۔فلیگ مارچ کا مقصد کرونا وائرس سے بچاو کے لئے شہریوں کو آگاہی فراہم کرنا ہے،فیگ مارچ میں اعلانات کئے گئے کہ ریاستی ادارے ریاستی اقدامات کے پیش نظر شہریوں کی حفاظت پر مامور ہیں۔تمام غیر ضروری نقل و حرکت پر پابندی عائد کردی گئی ہے، شہریوں کو اپنے گھروں تک محدود رہنے کی اپیل کی گئی، شہریوں کو بتایا گیا کہ بازاروں میں صرف اشیائے خوردونوش اور میڈیکل سٹورز کھلے رہیں گے، غیر ضروری آمدورفت سے گریز کریں تاکہ وائرس کے پھیلاو کو روکا جاسکے، اپنی اور اپنی فیملی کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے ریاستی احکامات پر عمل کریں کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں 1122اور ضلعی انتظامیہ کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔