سندھ میں کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 15روز لاک ڈاؤن کے اعلان کی خلاف ورزی پر پہلے روز صوبے بھر میں 472 افراد کو گرفتار اور 72 مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
سندھ میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ سے بچاؤ کے لیے سندھ حکومت کی جانب سے 15روز کے صوبے بھر میں لاک ڈاؤن جاری ہے، پولیس رپورٹ کے مطابق حکومتی لاک ڈاؤن کے پہلے روز خلاف ورزی کرنے پر سندھ بھر میں 472 افراد کو گرفتار اور درجنوں مقدمات درج کیے گئے۔
خلاف ورزی کرنے پر کراچی میں 222 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور 33 مقدمات درج ہوئے ہیں، ساؤتھ زون میں 161، ایسٹ میں 60، ویسٹ میں ایک شخص کو گرفتار کیا گیا ہے۔
اس کے علاوہ میرپورخاص میں 6، سکھر میں 8، لاڑکانہ میں 236 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ساؤتھ زون میں 13،ایسٹ میں 19اور ویسٹ میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے، میرپور خاص میں 2، سکھر میں ایک اور لاڑکانہ میں 36 مقدمات درج ہوئے ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق شہر میں لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی پر مزید گرفتاریاں بھی عمل میں لائی جائیں گی۔