• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کا مقابلہ کورونا سے تھا، ہمارا جہالت سے ہے، شعیب اختر

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ چائنہ کا مقابلہ کورونا سے تھا لیکن ہمارا  مقابلہ پہلے جہالت سے ہے۔

گزشتہ روز قومی کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک تصویر شیئر کی جس میں اُنہوں نے کورونا وائرس کے حوالے سے پاکستانیوں کی لاپرواہی کے بارے میں لکھا ہے۔

شعیب اختر کی جانب سے شیئر کی جانے والی تصویر میں اُنہوں نے لکھا کہ ’چائنہ کا مقابلہ صرف اور صرف کورونا وائرس سے تھا اِسی لیے چین جیت گیا۔‘

سابق فاسٹ بالر نے لکھا کہ ’ہمارا مقابلہ پہلے جہالت، لاعلمی، تعلیم اور شعور کی کمی سے ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’ہمارا مقابلہ پہلے مختلف نظریات اور ہٹ دھرمی سے ہے اُس کے بعد ہمارا مقابلہ کورونا وائرس سے ہے۔‘

شعیب اختر نے یہ تصویر ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’اِس ٹوئٹ کو کرتے ہوئے بہت دُکھ ہورہا ہے لیکن یہ سچ ہے۔‘

اِس کے علاوہ شعیب اختر نے دو روز قبل ٹوئٹر پر اپنی ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں وہ پاکستانیوں سے گھر میں رہنے کی درخواست کر رہے ہیں۔

شعیب اختر نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا تھا کہ ’مہربانی کرکے کچھ خدا کا خوف کریں، آپ خود کو 3 ہفتے کے لیے گھر میں بند کردیں۔‘

سابق فاسٹ بالر نے کہاتھا کہ ’چین کا سب سے اہم ہتھیار لاک ڈاؤن تھا جس کی وجہ سے وہاں کورونا وائرس پھیلنے سے رُک گیا اور اُس کے بعد چین والوں نے ویکسینیشن نکال لی۔‘

شعیب اختر نے اس بات پر زور دیا کہ ’اٹلی سے کچھ سیکھیں اُس نے دیر کردی جس کی وجہ سے اٹلی آج مشکل میں ہے، اِسی طرح اسپین اور ایران بھی مشکل میں ہے۔‘

شعیب اختر نے کہا کہ ’اگر پاکستان میں اٹلی جیسی صورتحال ہوگی تو یہاں کوئی لاشیں اُٹھانے والا بھی نہیں ہوگا۔‘

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی، مہلک وائرس سے 884 افراد متاثر ہوچکے ہیں۔

تازہ ترین