ملک بھر میں کورونا وائرس کے باعث لاک ڈاؤن سے جہاں دیہاڑی دار طبقہ مشکلات کا شکار ہے وہیں انسانی ہمدردی کی مثالیں بھی سامنے آرہی ہیں۔
گوجرانوالہ میں بے روزگار مزدوروں میں سخی دل کانسٹیبل کی رقم تقسیم کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی ہے۔
کانسٹیبل مقصود نے بیروزگار مزدوروں میں اپنی تنخواہ کے 5 ہزار روپے تقسیم کردیئے۔
لاک ڈاؤن کے باوجود مزدور روز گار کے سلسلے میں پیپلز کالونی چوک میں جمع تھے۔
پولیس کانسٹیبل کا کہنا ہے کہ اس نے مزدوروں کو پیپلز چوک سے جانے کا کہا تو ان کے مرجھائے چہرے دیکھے نہیں گئے۔
کانسٹیبل نے کہا کہ میں نے تنخواہ کے کچھ پیسے بچا کر رکھے تھے جو مزدوروں میں میں تقسیم کر دیئے۔
واضح رہے کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کے لئے سندھ اور پنجاب میں لاک ڈاؤن جاری ہے، سڑکیں سنسان، کاروباری، صنعتی و تجارتی مراکز بند ہیں اور لوگ گھروں میں محدود ہیں جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کا گشت جاری ہے۔
پنجاب میں لاک ڈاؤن کا دوسرا روز ہے، گوجرانوالہ کی اہم شاہراہوں پر پولیس اور رینجرز کا مشترکہ گشت جاری ہے، گجرات میں ڈبل سواری کی پابندی کی خلاف ورزی پر 20 سے زائد موٹر سائیکل سواروں پر جرمانہ کیا گیا ہے۔
رحیم یار خان میں گھروں سے غیر ضروری نکلنے والے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
فیصل آباد، ملتان، جھنگ، بہاول پور، بہاول نگر، سیالکوٹ، نارووال، خانیوال، وہاڑی، مظفرگڑھ، ڈی جی خان سمیت تمام شہروں میں کاروباری و تجارتی اور صنعتی مراکز بند ہیں۔