• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

معاشی بحران 1929ء کے کساد عظیم سے ملتا ہے،فرانسیسی وزیر معیشت

کراچی (نیوز ڈیسک) فرانس کے وزیر برائے معیشت و مالیات نے خبردار کیا ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے پیدا ہونے والی معاشی بحران کی کیفیت 1929ء میں آنے والے تاریخ کے سب سے بڑے بحران (The Great Depression) ’’کساد عظیم‘‘ جیسی لگتی ہے۔ فرانسیسی میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ فرانس اس معاشی بحران کے دوران اپنی پہچان سمجھی جانے والی کمپنیوں کو دھوئیں میں اڑتا نہیں دیکھے گا وہ بھی صرف اسلئے کہ آج ہمیں کم و بیش ویسی ہی صورتحال کا سامنا ہے جو کساد عظیم میں دنیا کے مختلف ملکوں کو تھا۔ انہوں نے نجی کمپنیوں کو خبردار کیا کہ وہ منافع کی ادائیگی کے معاملے میں محتاط رہیں اور بینکوں سے اپیل کی کہ قومی یکجہتی کا اظہار کریں اور رضا کارانہ بنیادوں پر قرضوں میں ڈوبے افراد کو مراعات دیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت معاشی لحاظ سے حب الوطنی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ فرانس نے موجودہ بحران سے نمٹنے کیلئے 45؍ ارب یورو کی رقم مختص کی ہے۔ یاد رہے کہ کساد عظیم دوسری جنگ عظیم سے قبل کی دہائی میں آنیوالا ایک اقتصادی بحران تھا۔ مختلف ممالک میں یہ مختلف ادوار میں رہا لیکن بیشتر ملکوں میں یہ 1929ء سے لیکر 1930ء کی دہائی کے آخر تک اور کچھ ملکوں میں 1940ء کی دہائی کے اوائل تک برقرار رہا۔ یہ 20ویں صدی کا سب سے بڑا اور دنیا کے مختلف ملکوں میں وسیع پیمانے پر پھیلنے والا گہرا بحران تھا اور 21ویں صدی میں بھی عالمی معیشت کے زوال کے حوالے سے اسی کساد عظیم کی مثال دی جاتی ہے۔ بحران امریکا میں 29؍ اکتوبر کو شیئر مارکیٹس کریش ہونے سے شروع ہوا، منگل کے دن کے اس بحران کو ’’بلیک ٹیوزڈے’’ کے نام سے بھی یاد کیا جاتا ہے۔
تازہ ترین