• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا سے متاثرہ کیفیت چھپانا مجرمانہ فعل ، قید و جرمانہ ہو گا، راشد حفیظ

راولپنڈی(اپنے رپورٹر سے) حکومت پنجاب کے کورونا وائرس کنٹرول ومانیٹرنگ پروگرام راولپنڈی ڈویژن کے انچار ج، پنجاب کے وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے کہا ہے کہ مہلک اور وبائی وائرس کورونا سے متاثرہونے والے کسی بھی شخص کی بیماری کو چھپانا مجرمانہ فعل ہے اور جو ایسا کرے گا اسے قید و جرمانے کی سزائیں دی جائیں گی۔ تحفظ وبائی امراض پنجاب آرڈیننس کے تحت راولپنڈی میں عالمی معیار کی لیول تھری لیبارٹری قائم کی جائیگی جس میں ہر قسم کے ٹیسٹوں کی سہولت موجود ہوگی۔ اسی معیار کی چار لیبارٹریاں بہاولپور، فیصل آباد ، گوجرانوالہ اور ڈیرہ غازیخان میں بھی بنائی جائیں گی ۔ انہو ں نے یہ بات راولپنڈی ، جہلم ، اٹک اور چکوال میں کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات پر عمل درآمد کے حوالے سے متعلقہ حکام سے بریفنگ لیتے ہوئے کہی ۔ راشد حفیظ نے کہا کہ حکومت پنجاب پوری توجہ ، محنت اور خلوص کے ساتھ کورونا وائرس کی روک تھام اور متاثرین کے علاج معالجے کی کوششیں کر رہی ہے ۔ کابینہ اجلاس میں کسی بھی متاثرہ شخص کی موت کی صورت میں اس کے لواحقین کو 8 لاکھ روپے کی مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی ہے جبکہ پنجاب اور وفاق کی حکومتیں متاثرہ لوگوں کی خصوصی امداد کے ساتھ ساتھ روزگار کی بندش سے متاثر ہونے والے اپنے ہم وطنوں کی محرومیوں اور مجبوریوں کو دور کرنے کی ہر ممکن عملی کاوشیں کر رہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے لوگوں کے جسم و جان کا رشتہ برقرار رکھنے میں ڈاکٹرز ، پیرا میڈیکل سٹاف اور ان کا معاون عملہ جس طرح فرنٹ لائن پر کام کر رہا ہے وہ انسانیت کی اعلیٰ ترین مثال ہے اور حکومت ان کے اس جذبے کوسراہتی ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں سٹاف کی کمی کو دور کرنے کیلئے دس ہزار نئی بھرتیاں کی جائیں گی جن میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف شامل ہے ۔ وبائی امراض سے تحفظ کیلئے ہر شہر میں ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف کو خصوصی تربیت بھی دی جائیگی جس کیلئے چین سمیت بین الاقوامی تعاون بھی حاصل کیا جائیگا ۔ راشد حفیظ نے کہا کہ جس طرح صوبے کے دیگر شہروں میں کورونا ایمر جنسی سے نمٹنے کیلئے اقدامات کیے گئے ہیں اسی طرح راولپنڈی ، جہلم ، اٹک اور چکوال کے اضلاع میں بھی ہمہ جہت حفاظتی اقدامات پوری توجہ کے ساتھ اٹھائے گئے ہیں ۔
تازہ ترین