• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چاہتا ہوں جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کم کی جائے، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ میں چاہتا ہوں جیلوں میں قیدیوں کی تعداد کم کی جائے۔

سید مراد علی شاہ کی صدارت اجلاس ہوا جس میں چیف سیکریٹری، ایڈیشنل سیکریٹری داخلہ، پرنسپل سیکریٹری اور آئی جی جیل نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ہماری جیلوں میں 16 ہزار سے زائد قیدی موجود ہیں، قیدیوں کی تعداد کم کرنا چاہتا ہوں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ قیدی معمولی کیس میں بند ہیں یا اپنی سزا پوری کرچکے ہیں، جو قیدی ضامن نہ ہونے کی وجہ سے بند ہیں ان کو رعایت دی جائے اور جو قیدی اپنی سزا پوری کرچکے ہیں اور جرمانہ دینے کے قابل نہیں ہیں ان کا جرمانہ حکومت ادا کرے گی۔

مراد علی شاہ نے ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ہر قیدی، اس کا جرم، عمر و صحت سے متعلق فہرست بنا کر مجھے بھیجیں، میں پھر قانون کے حساب سے دیکھوں گا کہ کتنے قیدیوں کو چھوڑ سکتے ہیں۔

انہوں نے عالمی وبا کورونا وائرس کے پیش نظر جیل میں قیدیوں کی صحت سے متعلق ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ قیدیوں کو بہترین سہولیات دیں ، قیدیوں کو صفائی ستھرائی کے ساتھ رہنے کی ہدایت کریں۔

مراد علی شاہ کا مزید کہنا تھا کہ قیدیوں کو ایک دوسرے سے کچھ فاصلے پر رکھیں۔

تازہ ترین