گوادر (نامہ نگار) گوادر میں لاک ڈاؤن کو چار روز مکمل۔ سماجی دوری اختیار نہ کرنے پر سیکورٹی فورسز کا شہر یوں کو تبنیہ۔ شہر میں نماز جمعہ کی جزوی ادائیگی۔مخیر حضرات اور سماجی تنظیمیں مستحق لوگوں میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری۔ مہلک عالمی وباء کرونا کے پیش نظر گوادر میں لاک ڈاؤن کے فیصلے کو چار روز مکمل ہوگئے ہیں لیکن شہریوں کے بعض مقامات پر ہجوم کی اطلاعات بھی موصول ہورہی ہیں تاہم سماجی فاصلہ اختیار نہ کرنے پر سیکورٹی فورسز نے شہریوں کو وارننگ دیگر ان کو منتشر بھی کیا ہے اور بڑی تعداد میں بلاوجہ چہل قدمی کرنے والوں سے پوچھ گچھ بھی کی جاتی ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران مستحق اور ضرورت مندوں تک مفت راشن پہنچانے کا بھی کام جاری ہے سماجی تنظیمیں اور رضاکار اپنی مدد آپ کے تحت گھر گھر راشن پہنچانے کا کام کررہے ہیں۔ درایں اثناء حکومت بلوچستان کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے وقت نمازیوں کی تعداد کم کرنے کے لئے شہر کے مختلف مساجد کے سامنے پو لیس تعنیات کردی گئی جہاں پانچ افراد کے علاوہ دیگر نمازیوں کو جمعہ کی نماز کی ادائیگی سے روک کر گھر بھیج دیاگیا۔ تاہم حکومت کی جانب سے نماز جمعہ کی ادائیگی کے احکامات پر جزوی طور پر عمل کیا گیا اور جن مساجد کے سامنے پو لیس تعنیات نہیں تھی وہاں شہر یوں نے نماز جمعہ ادا کی ہے۔ دریں اثناء کرونا وائر س میں مبتلا ڈاکڑ اور پیر امیڈیکل اسٹاف سے اظہار یکجہتی کے لئے شہریوں نے بعض مقامات اور اپنے گھروں پر سفید پرچم لہرائے اور سوشل میڈ یا سمیت دیگر ذرائع سے شہریوں نے اس مشکل وقت میں مریضوں کی تیمار داری اور دن رات کام کرنے پر صحت کے شعبہ سے وابستہ تمام افراد کو خراج تحسین پیش کر تے ہوئے ان سے عقیدت کا اظہار کیا۔