پشاور/مردان(سٹاف رپورٹر/ نمائندہ جنگ) مردان سے پاکستان تحریک انصاف کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی عبدالسلام آفریدی کو بھی کورونا وائرس نے اپنا شکار بنالیا جنہوں نے وائرس کی تصدیق کے بعد خود کو گھر پر کورنٹائن کرلیا،عبدالسلام آفریدی کے حلقہ نیابت مردان کے علاقہ منگا میں وائرس نے تباہی مچائی ہے جہاں اب تک ایک شخص جاں بحق جبکہ 46افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے ،عبدالسلام آفریدی کا تعلق حلقہ پی کے 53سے ہے اورعلاقہ منگا بھی اس حلقے میں شامل ہے جہاں اس وائرس سے سعادت خان نامی شہری کی ہلاکت ہوئی ہے رکن اسمبلی کرونا وائرس کی وباء پھیلنے کے باوجود مسلسل اس علاقے کے دورے کرتے رہے۔ انہوں نے اپنے ایک ویڈیو پیغام میں اس بات کی تصدیق کی کہ انہیں کرونا ہو گیا ہے،عبدالسلام نے خود کو گھر پر ہی کورنٹائن کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر عوام کی خدمت کا سلسلہ شروع کریں گے۔دریں اثناء ڈیڈک کمیٹی کے چیئرمین ملک شوکت اور افتخارمشوانی ایم پی اے سے بھی سمپلیز اکٹھے کئے گئے ہیں۔ دونوں اراکین اس حلقے کا دورہ کرچکے ہیں اوراس حلقے کے ایم پی اے عبدالسلام آفریدی سے بھی مل چکے ہیں۔ گزشتہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں بھی شریک ہوئے تھے۔ افتخارمشوانی نے رابطے پر بتایاکہ انہیں ڈاکٹروں نے چودہ دن تک علیٰحدہ رہنے کا مشورہ دیاہے ۔