• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نہیں چاہتے حکومتی حماقتوں کی سزا قوم کو ملے، شہباز شریف

نہیں چاہتے حکومتی حماقتوں کی سزا قوم کو ملے


اسلام آباد (نمائندہ جنگ) مسلم لیگ (ن) کے صدر اور اپوزیشن لیڈر شہبازشریف نے کہا ہے کہ ہمارے سامنے اس وقت بڑا مقصد قومی بقاءاور سلامتی کا ہے،ہم نہیں چاہتے کہ حکومت کی حماقتوں کی سزا پاکستان کی باغیرت اور باعزت قوم کو ملے، فرد تنہاءکچھ نہیں کرسکتا، اتحاد، احتیاط اور خدمت سے ہی کورونا وائرس سے بچا جاسکتا ہے، قومی اتحاد، یکجہتی اور قائد اعظم کی بصیرت پر چلتے ہوئے ہم نے قومی لائحہ عمل تیار کیا جسے پوری اپوزیشن نے منظور کیا ، حکومت ملک وقوم کے اس مشکل ترین وقت میں ہماری دی ہوئی سفارشات پر عمل کرے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ویڈیو لنک پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صدر مسلم لیگ ن نے لوکل گورنمٹ کے سابق مئیرز اور ڈسٹرکٹ چیرمینز کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کی جان کے تحفظ کی اولین ذمہ داری کے لئے کمر ہمت کس لیں اور پورے خلوص، دیانتداری، اخلاص سے عوام اور ملک کی خاطر اپنا کردار ادا کرنا شروع کریں، تجربے کی بنیاد پر کہہ سکتا ہوں کہ کورونا کے خلاف اس چیلنج میں آپ سب ہی اصل فرنٹ لائن سولجر کا کردار ادا کرسکتے ہیں، جب تک آپ ساتھ نہیں دیں گے، آپ فعال اور متحرک نہیں ہوں گے، اس جنگ کو ہم جیت نہیں سکتے، ڈاکٹرز، نرسز اور طبی عملہ فرنٹ لائن سولجر ہیں، ان کے شانہ بشانہ اسی ہراول دستے کا آپ بھی ایک قابل فخر حصہ ہیں،آج اتحاد، احتیاط اور خدمت سے ہی بچا جاسکتا ہے، کوئی فرد تنہاءکچھ نہیں کرسکتا،اس وقت کورونا موت بن کر ہمارے گھروں کے دروازے پر دستک دے رہا ہے، آئیے ہم اپنی قوم کی حفاظت کے لئے اپنا تاریخی کردار ادا کریں۔

تازہ ترین