قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ اس وقت پور ے ملک اور قوم کو مشکل ترین چیلنج کا سامنا ہے، جبکہ قوموں پر مشکلات اور چیلنج آنا کوئی انوکھی بات نہیں ہے، اللّٰہ تعالیٰ کی مدد، درست حکمت عملی، بروقت فیصلوں سے چیلنج پر قابو پایا جاتا ہے ۔
شہباز شریف کی زیرِ صدارت وزیراعظم آزاد کشمیر ، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان سے ویڈیو لنک پر اجلاس ہوا۔
ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے کہا کہ میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان کے ذمہ داران اور ان کی ٹیم کو شاباش دیتا ہوں کہ مختصر وقت اور وسائل کی کمی کے باوجود آپ نے بروقت اقدامات کیے۔
انہوں نے کہا کہ بروقت لاک ڈاون کورونا کی وباءپھیلنے سے روکنے میں بہت مؤثر ثابت ہوا، جبکہ گلگت بلتستان میں کورونا کے مریضوں کی تعداد دیکھتے ہوئے وفاق کی خصوصی توجہ درکار ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ وفاقی حکومت نے بہت سارا قیمتی وقت سوچ بچار اور شش و پنج میں ضائع کردیا اور پنجاب میں کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد بڑی تیزی سے بڑھ چکی ہے۔
قائد حزب اختلاف نے کہا کہ مشکل گھڑی میں پاکستان کے عوام کی مدد پر چین کا شکریہ ادا کرتا ہوں، وینٹیلیٹرز، ٹیسٹنگ کٹس، ماسک ، دیگر سامان کی فراہمی پر چین کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ چین نے ثابت کیا کہ وہ پاکستان کا مخلص اور ہمدرد دوست ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت ہماری دی گئی قومی حکمت عملی کی تجویز پر عمل سے صورتحال کا مقابلہ کرسکتی ہے، ہم نے عوامی سطح پر بھی حکمت عملی وضع کی ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پارٹی کو غریب، نادار، کمزور افراد اور خاندانوں کی مدد کیلئے ذمہ داری سونپی ہے۔