• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملک بھر میں کورونا وائرس سےکل 25 اموات ہو چکی ہیں




کورونا وائرس سے ملک بھر میں کل 25 اموات ہو چکی ہیں، اس وائرس سے پنجاب میں 9، سندھ میں 8، خیبر پختون خوا میں 5، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔

کورونا وائرس دنیا بھر میں تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ پاکستان میں بھی اس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، ملک بھر میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 1872 ہو گئی۔

سندھ کے شہر حیدر آباد میں تبلیغی جماعت کے مزید 54 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو جانے کے بعد تبلیغی جماعت سے وابستہ مریضوں کی تعداد 90 ہو گئی۔

کراچی، جیکب آباد اور جامشورو میں بھی مزید کیسز کی تصدیق ہونے کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد سوا 6 سو سے زائد ہو گئی۔

محکمۂ صحت نے تبلیغی جماعت کے مزید 54 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق کر دی ہے، تبلیغی جماعت سے وابستہ 200 افراد کے کورونا کے ٹیسٹ کیے گئے تھے۔

اب حیدر آباد میں کورونا وائرس کے مثبت ٹیسٹ کی تعداد 94 ہو گئی ہے، جن میں سے 90 کا تعلق تبلیغی جماعت سے ہے۔

تبلیغی مرکز سے کوہسار اسپتال منتقل کیے گئے چینی باشندے میں ہفتے کے روز کورونا وائرس کی تصدیق ہونے کے بعد تبلیغی مرکز میں قیام پذیر تمام افراد کو محدود کر دیا گیا تھا جن کے محکمۂ صحت نے ٹیسٹ کے لیے نمونے بھی حاصل کیے ہیں۔

کراچی میں کورنا وائرس کے 45 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد شہرِ قائد میں کل مریضوں کی تعداد 294 ہو گئی ہے، جبکہ جامشورو میں 2 اور ایک کیس جیکب آباد میں سامنے آیا ہے۔

محکمۂ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے61 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی تعداد 627 ہو گئی ہے جبکہ 41 کورونا سے متاثرہ افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔

کراچی میں کورونا وائرس سے متاثرہ 3 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں اور سندھ میں کورونا وائرس سے اموات کی تعداد 6 ہو چکی ہے۔

کراچی میں کورونا سے صحت یاب مریضوں میں صوبائی وزیر سعید غنی بھی شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیئے: کورونا، پیسیو ایمینائزیشن کے طریقہ علاج کی منظوری

پنجاب میں بھی کورونا وائرس کے ناصرف نئے کیسز میں بلکہ اموات میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر کے مطابق پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 3 اموات ہونے کے بعد صوبے میں اس وائرس سے انتقال کر جانے والوں کی تعداد 9 ہو گئی ہے۔

پنجاب میں جاں بحق ہونے والے ان 3 افراد میں ایک خاتون اور 2 مرد شامل ہیں، جبکہ صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد 658 ہو گئی ہے۔

کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد خیبر پختون خوا میں 221، بلوچستان میں 154، گلگت بلتستان میں 148، اسلام آباد میں 58 اور آزاد کشمیر میں 6 ہو چکی ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 25 فروری کو رونما ہوا تھا، اس وائرس سے متاثرہ 76 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں جبکہ 11 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

کورونا وائرس سے ملک بھر میں کل 25 اموات ہو چکی ہیں، اس وائرس سے پنجاب میں 9، سندھ میں 8، خیبر پختون خوا میں 5، گلگت بلتستان میں 2 اور بلوچستان میں ایک مریض انتقال کر چکا ہے۔

تازہ ترین