• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹائیگر فور س بنانے کے بجائے حکومت بلدیاتی اداروں کو بحال کرے، احسن اقبال

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ٹائیگر فورس کے بجائے بلدیاتی اداروں کو بحال کرے۔ 

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہزیب خانزادہ میں میزبان شاہزیب خانزادہ کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ وفاق اور پنجاب حکومت فیصلہ سازی کے بحران میں رہی، آج بھی تفتان کے راستے سے لوگ آرہے ہیں۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو ابھی تک سمجھ نہیں آرہی کہ لاک ڈاؤن کرنا ہے یا نہیں کرنا۔ 

انہوں نے کہا کہ ٹائیگر فورس ایک سیاسی ناٹک ہے، ٹائیگر فورسز  بنانے کے بجائے حکومت بلدیاتی اداروں کو بحال کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اس وقت لوکل باڈیز کو استعمال کیا جانا چاہیے تھا، مقامی کونسلرز کو معلوم ہوتا ہے کہ علاقے میں کون کون غریب اور مستحق ہے۔

احسن اقبال کا کہنا تھا کہ حکومت کو ریلیف کا کام بلدیاتی اداروں کے ذریعے کرنا چاہیے تھا۔

لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ جو لوگ ریلیف کا کام کرینگے اس بارے میں حکومت کے پاس کوئی فریم ورک نہیں ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ بہت سارے شہروں، قصبوں اور دیہات میں لوگ معمول کی زندگی گزار رہے ہیں۔ 

ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت لوگوں کو آگہی دینے میں مکمل طور پر ناکام ہوگئی ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ کورونا مہلک وبا ہے، اس سے گھبرانے کی ضرورت ہے، بھوک سے پہلے زندگی آتی ہے۔

لیگی رہنما نے کہا کہ لیڈرشپ کا کام ہے کرائسس میں یونٹی پیدا کرے، حکومت ابھی بھی انتقام کا ایجنڈا لےکرچل رہی ہے۔

اسی پروگرام میں وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ کورونا کی ٹیسٹنگ کٹس تصدیق شدہ ہونی چاہئیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے طے کیا کہ صرف پی سی آر کٹس کی اجازت دی جائیں گی۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہمارے ہاں لوکل گورنمنٹس کا نظام فعال نہیں ہے۔

تازہ ترین