لاہور(نیوز ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر وقائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے مریضوں میں اضافہ تشویشناک ہے، معاملہ حکومت کے سمجھنے تک دیر ہوجائیگی، حکومت ڈاکٹرز اور طبی عملے کو سامان کی فراہمی یقینی بنائے، حالات کا تقاضا ہے کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس روزانہ کی بنیاد پر منعقد کیا جائے،ڈاکٹرز، نرسز، طبی عملے اور صوبوں کو حفاظتی لباس اور دیگر ضروری سامان کی ہنگامی بنیادوں پر فراہمی یقینی بنائی جائے۔ اپنے بیان میں شہباز شریف نے کہا کہ دو دن میں کورونا کے مریضوں کی تعداد میں یکدم اضافہ شدید پریشانی کا باعث ہے، کورونا مریضوں کی تعداد سینکڑوں سے ہزاروں میں تبدیل ہونا سنگین صورتحال کا اعلان ہے، جب تک حکومت کورونا کے ٹرینڈ کو سمجھے گی بہت دیر ہوچکی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کو نظرانداز کیاجانا مجرمانہ عمل اور بے حسی کی انتہاء ہے ،صوبوں کووسائل کی فراہمی اور انکی تقسیم کے طریقہ کار پر تاحال وضاحت نہیں۔ انہوں نے کہا کہ فروری میں اسلام آباد سمیت تمام صوبوں نے حفاظتی لباس مانگا تھا لیکن وزیراعظم نے انکار کردیا ۔