• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

قومی کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ وقار یونس آئسولیشن سے باہر آگئے ۔

وقار یونس پی ایس ایل ملتوی ہونے کے بعد آسٹریلیا چلے گئے تھے جہاں وہ 14 روز تک آئسولیشن میں رہے۔

اس موقع پر وقار یونس نے کہا کہ وہ لوگوں سے درخواست کرتے ہیں کہ گھروں میں رہیں اور احتیاطی تدابیر پر عمل کریں ۔

واضح رہے کہ وقار یونس پاکستان سپر لیگ کے دوران کمنٹری میں مصروف رہے، وہ کمنٹری کے لیے غیر ملکی ساتھیوں کے ہمراہ لاہور، کراچی اور ملتان میں کمنٹری کرتے رہے۔

کورونا وائرس کے باعث پی ایس ایل کے دونوں سیمی فائنلز اور فائنل ملتوی کر دیئے گئے اور اس کے بعد وقار یونس اپنی فیملی کے پاس آسریلیا چلے گئے جہاں سڈنی میں ان کی فیملی مقیم ہے۔

بین الاقوامی سفر کے بعد وقار یونس از خود تنہائی میں چلے گئے کیونکہ احتیاطی تدابیر کے طور پر بین الاقوامی سفر کے بعد از خود تنہائی کو ضروری قرار دیا جاتا ہے، اس طرح وقار یونس سڈنی پہنچنے کے بعد از خود تنہائی میں چلے گئے تھے۔

دوسری طرف وقار یونس کی اہلیہ فریال وقار ڈاکٹر ہیں اور ان دنوں پیدا ہونیوالی صورت حال میں وہ ایمرجنسی میں ڈیوٹی پر ہیں لیکن دنوں میاں بیوی بڑے باہمت ہیں اور مشکل وقت کو حوصلے کے ساتھ گزار رہے ہیں۔

وقار یونس کا کہنا ہے کہ اس مشکل وقت میں ہم سب کو ہمت دکھانی ہے، ہمت دکھائے بغیر ہم اس وباء سے نجات نہیں پا سکتے، ہمیں ایک دوسرے کا حوصلہ بڑھانا ہے اور اس وائرس سے نجات کے لیے آگاہی پیدا کرنی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آگاہی پیدا کرنے کے لیے ہم سب کو آگے آنا ہے اور اس وائرس سے بچنے کے لیے احتیاط کی ضرورت ہے، احتیاط کے بارے میں ہر کسی کو بتانا ہے، وائرس کے حوالے سے آگاہی پیدا کرنے کے لیے جو لوگ بھی آگے آرہے ہیں وہ قابل تعریف ہیں۔

تازہ ترین