• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حکمران نماز پر پابندی کی بجائے اللہ کی پناہ مانگیں، محمد حسین محنتی

کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی سندھ کے امیر محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ حکمران جمعہ کی نماز پر پابندی، مساجد کی تالابندی آئمہ مساجد کی گرفتاری اور نمازیوں کو مساجد کی جانب آنے سے زبردستی روکنے، لاٹھی چارج سے مغرب کو خوش اور دین سے بیزاری کا اظہار کرنے کی بجائے رجوع الی اللہ اور توبہ واستغفار کے ذریعے کورونا سمیت قدرتی آفات سے تحفظ کیلئے اللہ کی پناہ مانگیں، 12سے3بجے تک لاک ڈاؤن میں سختی اور کرفیو کا ماحول کراچی سمیت سندھ بھر میں مساجد کے باہر پولیس اور رینجرز تعینات کرنا جمہوریت کے نام پر بدترین آمریت کی نشانی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی میں نماز جمعہ کے موقع پر مساجد کا گھیراؤ، آئمہ کرام کی گرفتاریاں، مقدمات قائم کرنا اور لوگوں کو نماز جمعہ سے روکنا مودی کی پالیسی کا تسلسل ہے جس نے گذشتہ 8ماہ سے کشمیری عوام کو پابند سلاسل اور مساجد کی تالابندی اور جمعہ کے اجتماعات پر پابندی لگارکھی ہے۔ شاپنگ سینٹرز کھلے،سبزی منڈیوں میں بھاری رش ہے جس پر حکومت کی کوئی توجہ نہیں لیکن سارا زور نماز جمعہ سے روکنے پر ہے انہوں نے مطالبہ کیا کہ نماز جمعہ کے موقع پر بدنظمی، ہلڑ بازی اور نہتے نمازیوں پر لاٹھی چارج کرنے والے اہلکاروں کیخلاف سخت کاروئی، نمازیوں،آئمہ کرام پر قائم مقدمات ختم کرکے مساجد میں آنے پر پابندیاں ختم کی جائیں ۔
تازہ ترین