• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تعلیم گھر پروگرام کو مؤثر بنانے کیلئےپیمرا کے کیبل آپریٹرز کو احکامات جاری

اسلا م آباد (کامرس رپورٹر)پیمرا نے حکومتِ پنجاب کے تعلیم گھر پروگرام کو مؤثر وفعال بنانے کیلئے صوبہ بھر کے کیبل آپریٹرز کو احکامات جاری کر دیئے ہیں ،چیئرمین پیمرامحمد سلیم بیگ نےکیبل آپریٹرز کو واضح ہدایات جاری کر دیں ہیںکہ وہ پیمرا کے فیلڈ آفسزوعملہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور تکنیکی سہولیات باہم پہنچائیں تاکہ بچوں کو گھر بیٹھے تعلیم فراہم کی جا سکے اور اُن کی تعلیمی سرگرمیوں میں خلل نہ آئے۔ چیئرمین پیمرانے حکومتِ پنجاب کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے واضح لائحہ عمل تیار کرنے کی غرض سے ڈائریکٹرجنرل (آپریشنز ڈسٹری بیوشن) محمد فاروق کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ مزید برآں حکومت ِ پنجاب سے رابطے کیلئے ریجنل جنرل منیجر لاہور اکرام برکت کو پیمر اکی جانب سے فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے جوکہ حکومتِ پنجاب اور پیمرا کے مابین تعلیم گھر چینل سے متعلق امورکو دیکھیں گے اور اتھارٹی و کیبل آپریٹرز کی جانب سے تعلیم گھر پروگرام کے تحت چلنے والی نشریات کی بچوں تک رسائی ممکن بنانے کے ذمہ دار ہوں گے۔دریں اثناء کیبل آریٹرز کے نمائندگان نے چیئرمین پیمرا سے التماس کی ہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے لاک ڈاؤن کی وجہ سے صارفین سے فیسوں کی وصولی اور اتھارٹی کو ادائیگی میں مشکلات کا سامنا ہے اس لئے اس دوران سالانہ فیس معاف یا کچھ عرصہ کی مہلت دے دی جائے۔ چیئرمین پیمرا نے موجودہ ملکی حالات کے پیشِ نظر کیبل آپریٹرز کو سالانہ فیسوں کی ادائیگی مؤخر کرنے پر ہمدردانہ غور کا یقین دلایا۔ اس ضمن میں پیمرا اتھارٹی کو تمام صورتِ حال سے آگاہ کرنے کے بعد حتمی پیکج کا اعلان کیا جائے گا۔ چیئرمین پیمرا نے ملک بھر کے کیبل آپریٹرز سے گذارش کی ہے کہ وہ اس مشکل گھڑی میں کیبل کی نشریات یقینی بنانے کیلئے ہر ممکن کوشش کریں تاکہ عوام الناس تک تفریح و معلومات باہم پہنچائی جاسکیںاور بچوں کو تعلیمی سہولیات باہم پہنچانے کیلئے اپنی معاشرتی وسماجی ذمہ داریوں کو پورا کرنے کی تلقین کی۔
تازہ ترین