• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کچنار کی نیلامی نہ ہوسکی، ضائع اور چوری ہونے سےلاکھوں کا نقصان

لاہور( نسیم قریشی سے )پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی (پی ایچ اے)کی ناقص حکمت عملی کے نتیجے میں اس سیزن میں بھی لاکھوں روپے مالیت کا قیمتی پھل کچنار جو سبزی کے طور پر پکا کر کھایا جاتا ہے ضائع اور چوری ہو جانے سے حکومت کو لاکھوں کا نقصان ہو گیا،کچنار کی فصل کے ضائع ہوجانے کا ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان نے نوٹس لے لیا۔ ذرائع کے مطابق لاہور کے متعدد پارکوں،گرین بیلٹس،نرسریوں اور لاہور کینال کے دونوں جانب کنارے پر لگے ہوئے کچنار کے درجنوں درختوں پر لگی کچنار چوری اور ضائع ہوگئی ۔چونکہ نکہ پی ایچ اےکوارڈنیشن ڈیپارٹمنٹ جس کی پی ایچ اے سے متعلقہ تما م کا موں ،پھلوں کے ٹھیکوں کی نیلامی کروانہ ذمہ داری ہے نے اس برس بھی کچنار کی فصل کی نیلامی نہ کراسکا۔ درختوں پر لگی کئی من کچنار چوری اور ضائع ہو گئی ،کچنار کی کونپل کے پھول بن جانے سے کچنار ضائع ہو جاتی ہے پکانے کے قابل نہیں رہتی صرف جانوروں کا چارہ بن سکتی ہے۔رواں سیزن کے آغاز میں کچنار بازار میں 800 روپے کلو سے 1000 روپے فی کلو تک فروخت ہوتی رہی بعض پوش علاقوں میں تو ایک ہزار روپے سے زائد فی کلو فروخت کی جاتی رہی،اور کچنار کم سے کم 200 روپے فی کلو فروخت ہوتی رہی ۔جبکہ پی ایچ اے کے پھلوں اور پھولوں کی اکثر نیلامی کی جاتی ہے۔ لاکھوں روپے مالیت کی کچنار محض اس وجہ سے ضائع ہو گئی کہ پی ایچ اے کے شعبہ کوآرڈینیشن کی اس طرف توجہ نہیں رہی ،اس حوالے سے ڈی جی پی ایچ اے مظفر خان سے بات کی گئی تو پہلے تو ڈی جی پی ایچ اے مظفرخان نے کورونا وائرس سے بچائو کے اقدامات کا بہانہ بنایا لیکن جب ان کو بتایا گیا کہ کورونا تو اب آیا ہے تقریباً ایک ماہ قبل لیکن کچنار کے درختوں کی نیلامی کا پراسس کم سے کم 3ماہ قبل پورا ہونا تھا جو کہ پی ایچ اے نے نہیں کیا۔ لاکھوں روپے مالیت کی کچنار کے ضائع ہونے سے حکومت کو مالی نقصان ہوا ہے تو پھر کچنار کے ضائع ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی پی ایچ اے نے کہاکہ ابھی میں نیا آیا ہوں اور 3ماہ ہی ہوئے ہوں گے آئندہ برس کچنار کی نیلامی بھی کروا لیں گے اور اس دفعہ کیوں نہیں ہوئی اس کی بھی رپورٹ مانگ لیتا ہوں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی اس وقت کے ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے ڈاکٹر فیصل ظہور نے جنگ کو یہی جواب دیا تھا کہ انہوں نے ابھی ابھی پی ایچ اےکو جوائن کیا ہے ان کے علم میں نہیں کہ پی ایچ اے کی نیلامی کی فہرست میں کچنار کیوں نہیں شامل، انہوں نے یقین دلایا تھا کہ وہ اس کا نوٹس لیتے ہوئے ایک دو روز میں نوٹیفکیشن جاری کردیں گے تاکہ آئندہ سے پی ایچ اے کی نیلامی والے پھلوں کی فہرست میں کچنار کو بھی شامل کر لیا جائے۔
تازہ ترین