• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی پر رپورٹ نے وزیرِاعظم کی گڈ گورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا، نیر بخاری

پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیّر بخاری کہتے ہیں کہ چینی کے بحران پر انکوائری رپورٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان کی گڈ گورننس کا بھانڈا پھوڑ دیا۔

چینی بحران پر تحقیقاتی رپورٹ کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے سیکریٹری جنرل نیّر بخاری نے ایک بیان میں وزیرِ اعظم عمران خان اور پی ٹی آئی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی کا کہنا ہے کہ رپورٹ میں وفاق، پنجاب اور خیبر پختون خوا کی حکومتوں کو چینی کے بحران کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔

نیّر بخاری نے کہا کہ تحقیقاتی رپورٹ نے وزیرِ اعظم عمران خان کی اے ٹی ایم مشینوں کو چینی کے بحران کا ذمے دار قرار دیا گیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ کسی چور کو نہیں چھوڑوں گا، اب یہ وعدہ پورا کرنے کا ان کے لیے سنہری موقع ہے۔

پی پی کے سیکریٹری جنرل نیّر بخاری کا یہ بھی کہنا ہے کہ قانون کا یکساں، برابر نفاذ اور ایک ہی معیار وزیرِ اعظم عمران خان اور نیب کا امتحان ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: چینی بحران، بعض حکومتی شخصیات کے نام لکھنے سے گریز

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کی طرف سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چینی کے بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ فائدہ اٹھانے والوں میں دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی رہے، جبکہ حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں کا پیسے بنانے میں تیسرا نمبر رہا ہے۔

تازہ ترین