پاکستان مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے آٹے اور چینی کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق ایف آئی اے کی رپورٹ پر کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔
ایک بیان میں میاں شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کی رپورٹ میں سنگین انکشافات کیے گئے ہیں، اس رپورٹ کی بنیاد پر کارروائی ہونی چاہیے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ رپورٹ وزیرِ اعظم عمران خان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کے خلاف فردِ جرم ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ دیکھتے ہیں کہ وزیرِ اعظم عمران خان جو ای سی سی کے چیئرمین بھی ہیں، اپنے اور اپنے وزیرِ اعلیٰ کے خلاف اس بڑے پیمانے پر ہونے والی کرپشن اور اقربا پروری پر کیا سزا مقرر کرتے ہیں؟
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایف آئی اے کی طرف سے چینی کی قیمتوں میں اضافے کے بارے میں وزیرِ اعظم عمران خان کو پیش کی گئی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ چینی کے بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا۔
یہ بھی پڑھیئے: چینی بحران کا فائدہ جہانگیر ترین و دیگر نے اٹھایا، رپورٹ
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فائدہ اٹھانے والوں میں دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی رہے، جبکہ حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں کا پیسے بنانے میں تیسرا نمبر رہا ہے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے ایک تازہ بیان میں ایف آئی اے کی مذکورہ رپورٹ کی فارنزک رپورٹ آنے پر رواں ماہ کی 25 تاریخ کو آٹے اور چینی کے بحران کے ذمے داروں کے خلاف ایکشن لینے کا عندیہ دیا ہے۔